عام آدمی پارٹی (آپ) کے تینوں اراکین پارلیمنٹ سنجے سنگھ، سشیل کمار گپتا اور این ڈی گپتا کو کسانوں کے معاملے پر راجیہ سبھا میں زبردست ہنگامہ آرائی کے سبب بدھ کے روز دن بھر کے لئے معطل کردیا گیا۔
عام آدمی پارٹی کے تینوں اراکین پارلیمان دن بھر کیلئے معطل - ایم وینکیا نائیڈو
09:48 February 03
راجیہ سبھا میں ہنگامہ کرنے کے الزام میں چیئرمین ایم وینکیا نائیڈو نے عام آدمی پارٹی کے تینوں ارکین پارلیمان کو معطل کردیا ہے۔
چیئرمین ایم وینکیا نائیڈو نے وقفہ صفر کے بعد صدر کے خطاب پر مباحثہ شروع کرانے کی کوشش کی، اس کے بعد ’اے اے پی‘ کے سنجے سنگھ، سشیل کمار گپتا اور این ڈی گپتا اپنی اپنی نشتوں پر کھڑے ہوگئے اور نعرے لگانے لگے۔ انہوں نے ’زرعی قوانین ختم کرو‘ کے نعرے لگائے۔
مسٹر نائیڈو نے کہا کہ صدر کے خطاب پر مباحثہ کے دوران کسانوں کے معاملے پر بحث کرنے پر اتفاق کیا گیا ہے۔ ایسی صورتحال میں ان اراکین کا ایوان کی کارروائی میں خلل ڈالنا غیرمناسب ہے۔ یہ لوگ کسانوں کے معاملے پر واقعتاً بحث نہیں کرنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے تینوں ممبران سے درخواست کی کہ وہ پرسکون ہوجائیں اور ایوان کی کارروائی کو چلنے دیں لیکن اس پر تینوں ارکان نعرے لگاتے رہے۔
اس کے بعد مسٹر نائیڈو نے تینوں ارکان پارلیمنٹ کو ضابطہ 255 کے تحت ایوان کی کارروائی سے خارج کئے جانے کی تنبیہہ کی لیکن ان اراکین پر کوئی اثر نہیں ہوا اور وہ نعرے لگاتے رہے۔
اس پر چیئرمین نے کہا کہ ان تینوں ممبروں کو دن بھر کے لئے ایوان کی کارروائی سے خارج کیا جارہا ہے ،اس کے بعد انہوں نے تینوں ممبروں کو دن بھر کے لئے ایوان چھوڑنے کا حکم دیا اور ساڑھے نو بجے پانچ منٹ کیلئے ایوان کی کارروائی ملتوی کردی۔