ضلع مجسٹریٹ دنیش کمار سنگھ نے بتایا کہ' ضلع میں اب تک 378 افراد ایسے ملے ہیں جو بیرون ممالک سے واپس آئے ہیں۔ ان میں سے 278 لوگوں کے گھروں میں بلاک ڈیولپمنٹ افسر، پولیس انسپکٹر اور نائب بلاک ڈیولپمنٹ افسر کے انچارج میڈیکل آفیسر کی مشترکہ ٹیموں نے دورہ کرکے ان کا ٹسٹ کیا۔ ان میں سے کسی میں بھی کورونا وائرس کے علامات نہیں پائے گئے ہیں اور ان کو ہدایت کی گئی ہے کہ بیرون ملک سے واپس آنے کے بعد قرنطینہ کے لئے 28 دن تک اپنے گھروں میں ہی رہیں۔
انہوں نے کہا کہ حکام کو مزید ہدایت دی گئی کہ اگر گھریلو قرنطینہ کے اصولوں کی کوئی خلاف ورزی کر رہا ہے تو اس کے خلاف ایف آئی آر بھی درج کرائی جائے گی۔
ان لوگوں میں بیرون ملک کے علاوہ 6 ہزار 629 افراد مہاراشٹر اور 180 لوگ کیرالہ سے آئے ہیں۔ ان گھروں میں بھی ٹیمیں بھیجنے کا کام شروع ہو گیا ہے اور مسلسل نگاہ رکھی جا رہی ہے۔ سبھی سے اپیل بھی کی گئی ہے کہ قرنطینہ میں 28 دن تک ضرور رہیں۔