وزیراعظم کے پوچھنے پر اس نے بتایا کہ وہ مستقبل میں ڈاکٹر بننا چاہتی ہے۔اس پر مسٹر مودی نے کہا کہ ڈاکٹر کے فرائض کو ادا کرنا کافی مشکل ہے تو کریتکا نے فوراًجواب دیا کہ وہ اس کے لئے تیار ہے۔اس نے بتایا کہ والد کا سایہ سر سے اٹھنے کے بعد اس کی ماں نے دیگر کاموں کے علاوہ بھی اس کی تعلیم میں پوری مدد کی۔پوچھے جانے پربتایا کہ اس کی ماں بھی گریجویٹ ہیں۔
وزیر اعظم کی من کی بات پروگرام کے دوران طالبہ سے فون پر بات
وزیراعظم نریندر مودی نے ہریانہ میں پانی پت کے گاوں مہارانا کی طالبہ کریتکا ناندل سے من کی بات پروگرام کے تحت جب براہ راست بات کی تو وہ خوشی سے جھوم اٹھی۔مسٹر مودی نے کریتکا سے بات کرتے ہوئے اسے سنٹرل بورڈ آف سیکنڈری ایجوکیشن ، بارہویں کےامتحان میڈیکل میں 96 فیصد نمبر حاصل کر نےپر مبارک باد پیش کی۔
اسی کڑی میں اتوار کو پانی پت گرامین ایم ایل اے مہیپال ڈھانڈا اور ڈپٹی کمشنردھرمیندر سنگھ اپنی اہلیہ سمیت کریتکا کو مبارک باد دینے گاوں مہارانا پہنچے۔رکن اسمبلی مہیپال ڈھانڈا نے کہا کہ یہ ہم سب کے لیے خوشی کا لمحہ ہے کہ ملک کے وزیراعظم نے اس بچی سے بات کی۔کریتکا بڑی ہوکر ڈاکٹر بننا چاہتی ہے۔
یہ اپنے خواب کو پورا کرے یہی ہم سب کی کوشش رہے گی۔ڈپٹی کمشنر دھرمیندر سنگھ نے کریتکا کو دعا دیتے ہوئے کہا کہ ضلع انتظامیہ کی جانب سے کریتکا کو ہر ممکن مدد مہیا کرائی جائے گی۔کریتکا کی بات پورے ہندوستان نے سنی ہے۔پانی پت کی زمین سے ہی بیٹی بچاو بیٹی پڑھاومہم کی شروعات کی گئی تھی،جس کا آغاز خود وزیراعظم نے کیا تھا۔