تلنگانہ حکومت نے نجی اسپتالوں اور نجی لیباریٹریز میں کورونا وائرس (کووڈ 19) کے مریضوں کی جانچ اور علاج کی قیمتوں پر حد مقرر کرنے کا حکومتی حکم (جی او) جاری کیا ہے۔
تلنگانہ کے محمکہ صحت کے مطابق 'جب سے لاک ڈاؤن میں نرمی ہوئی ہے، اس وقت سے ہی کووڈ 19 وبائی صورتحال خوفناک رفتار سے بڑھ رہی ہے لہذا تلنگانہ حکومت نے اسپتالوں اور نجی لیبارٹریز کے ذریعہ وصول کیے جانے والی قیمتوں سے متلعق جی او جاری کیا ہے'۔
تلنگانہ حکومت کی جانب سے جاری کردہ جی او عہدیداروں کے مطابق اس سہولت کے ذریعہ فراہم کردہ علاج و معالجے کے لئے روزانہ کی بنیاد پر مناسب چارج کیا جائے گا۔
اس کے علاوہ باقاعدہ بیڈ، انٹنسیو کیئر یونٹ (آئی سی یو)، بغیر وینٹیلیشن اور آئی سی یو وینٹیلیشن وغیرہ پیکیج میں شامل ہونے کے ساتھ ساتھ تمام اہم چیزوں کو واضح طور پر مذکورہ جی او میں درج کیا گیا ہے۔
عہدیداروں نے بتایا کہ انشورنس اسکیموں کو سبسکرائب کرنے والے مریضوں اور ساتھ ہی مختلف معاہدوں / ایم او یوز کے تحت زیر علاج مریضوں کے لیے یہ جی او لاگو نہیں ہوگا۔
اس میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ کارپوریٹ اسپتالوں اور مختلف اسپانسر شدہ گروپز یا دیگر کارپوریٹ اداروں میں داخل مریضوں پر اس طرح کی رعایتی قیمتیں لاگو نہیں ہوگی۔
واضح رہے کہ تلنگانہ حکومت نے اتوار سے کورونا کے بلیٹن کو نئے انداز میں پیش کرنا شروع کیا ہے۔ سابق میں بھی روزانہ اموات، مرنے والوں کی تعداد کی تفصیلات پر مبنی یہ بلیٹن جاری کیا جاتا تھا۔ تاہم اتوار سے نئے انداز میں یہ بلیٹن جاری کیا گیا ہے۔