این آئی اے نے جانکاری دیتے ہوئے بتایا کہ ترن تارن کے باشندہ ماسا سنگھ، ہرجیت سنگھ، گورجنت سنگھ، منپریت سنگھ، بکرمجیت سنگھ پنجوار، گروداس پور باشندہ چندیپ سنگھ، امرتسر باشندہ ملکت سنگھ اور امرجیت سنگھ اور ایک نابالغ نوجوان پر غیر قانونی سرگرمیوں کی روک تھام ایکٹ اور دھماکہ خیز مادہ ایکٹ کی متعلقہ دفعات کے تحت چارج شیٹ داخل کی گئی ہے۔ چارج شیٹ موہالی کی ایک خصوصی قومی تفتیشی ایجنسی کورٹ میں داخل کی گئی ہے۔
گذشتہ برس 4 ستمبر کو ترن تارن ضلع کے پنڈاری گولہ گاؤں کے ایک خالی مقام پر زوردار دھماکہ ہوا تھا، جس میں دو افراد ہلاک و دیگر متعدد شدید طور سے زخمی ہوئے تھے۔ این آئی اے کے ترجمان نے بتایا کہ وہ چھپا ہوا دھماکہ خیز مواد برآمد کرنے کے لیے ایک گڑھا کھود رہے تھے۔
اس معاملے میں این آئی اے نے 23 ستمبر کو دوبارہ کیس درج کیا تھا۔ عہدیدار نے بتایا کہ ملزمان 'بنیاد پرست خالستان' نوجوان ہیں، جنہوں نے فرار ملزم پنجوار کی سربراہی میں دہشت گرد گروہ کی تشکیل کی تھی۔