مرکزی وزیر برائے صحت اورخاندانی بہبود ڈاکٹر ہرش وردھن نے آج کہا کہ' کورونا وائرس کووڈ 19 نہ ملک میں فرق سمجھتا ہے اور نہ ہی انسان کے پیشے میں اور صحافیوں کو کورونا سے اتنا ہی خطرہ لاحق ہے، جتنا دیگر پیشے سے جڑے افراد کوہے اور اور اس سے بچاؤ کے لئے انہی رہنما اصولوں پر عمل درآمد کرنا چاہئے ، جو ایک عام انسان کے لئے ہیں۔
انہوں نے کہاکہ' گذشتہ نو ماہ کے دوران میں نے دیکھا کہ کس طرح ہمارے صحافی کورونا کے تعلق سے ملک اور معاشرے کو بیدار کرنے کاکام کررہے ہیں '۔ مرکزی وزیر صحت نے کہا کہ' یہ بات دھیان میں رکھنی چاہئے کہ کورونا نہ ملک میں قرق کرتا ہے اور نہ ہی پیشے میں، اس لئے صحافی کو بھی کورونا کا خطرے اتنا ہی ہے، جتنا ہم لوگوں کو ہے'۔ انہیں بھی انہی رہنما اصولوں پر عمل پیرا ہونا چاہئے، جو عام انسان کے لئے ہیں۔
انہوں نے کہاکہ' کچھ عرصہ قبل جب یہ خبر آئی تھی کہ بڑے پیمانے پر میڈیا والے کورونا کا شکار ہو رہے ہیں، تب حکومت نے پرنٹ اور الیکٹرانک میڈیا کو خط لکھ کر اس پر تشویش ظاہر کی تھی '۔ خط میں کورونا سے متعلق خبروں کا احاطہ کرنے والے صحافیوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کا مشورہ بھی دیا گیا تھا۔ اس وقت ہم نے میڈیا اداروں کو اپنے صحافیوں کے بچاؤ کے لئے ضروری قدم اٹھانے کو کہا تھا۔