کانگریس کے رہنما اور پنجاب کے کابینہ وزیر سکھجندر سنگھ رندھاوا نے مرکزی تفتیشی ایجنسی (این آئی اے) کی جانب سے کسانوں اور کسان تحریک کے حامیوں کو نوٹس بھیجنے پر سخت تنقید کرتے ہوئے اسے مرکزی حکومت کی ایک اور بھدی چال قرار دیا۔
رندھاوا نے ایک بیان میں کہا کہ پرامن طریقے سے احتجاج کررہے کسانوں کے خلاف یہ ’سرکاری ناانصافی‘ برداشت نہیں کی جائے گی اور بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے زیرقیادت قومی جمہوری اتحاد (این ڈی اے) کی حکومت کو اس کے سنگین نتائج بھگتنے پڑیں گے۔
انہوں نے کہا کہ اپنی محنت سے پورے ملک کا پیٹ بھرنے والا کسان ان گھٹیا چالوں سے ڈرنے والا نہیں ہے۔ رندھاوا نے کہا ’کالے‘ زرعی قوانین کے معاملے پر مرکزی حکومت کے خلاف دہلی کی سرحدوں پر جاری کسان تحریک کو کمزور کرنے کے لئے مودی سرکار کی جانب سے چلی گئی بھدی چال ہے۔