۔18مارچ سنہ 1938 کو پیدا ہوئے ششی کپور کا اصل نام بلبیر راج کپور تھا۔ بچپن سے ہی ان کا رجحان فلموں کی جانب تھا اور وہ اداکار بننا چاہتے تھے۔ ان کے والد مشہور و مقبول اداکار پرتھوی راج کپور اور بھائی راج کپور اور شمی کپور فلم انڈسٹری کے مشہور اداکار تھے۔ ان کے والد اگر چاہتے تو وہ انہیں لے کر فلم بناسکتے تھے لیکن ان کا خیال تھا کہ ششی جدوجہد کریں اور اپنی محنت سے اداکار بنیں۔
ششی کپور نے اپنے طویل فلمی کیریئر کی شروعات اپنے بچپن میں کی تھی۔چالیس کی دہائی میں انہوں نے کئی فلموں میں چائلڈ ایکٹر کے طورپر کام کیا۔ان میں سنہ 1948 میں ریلیز ہوئی فلم آگ اور 1951 میں آوارہ شامل ہیں، جن میں انہوں نے راج کپور کے بچپن کا کردار ادا کیا ہے۔
پچاس کی دہائی میں ششی اپنے والد کے تھیئٹر سے وابستہ ہوگئے۔ اسی دوران بھارت اور شمالی ایشیا کے سفر پر آئے برطانوی ڈرامہ گروپ شیکسپیئر سے وہ وابستہ ہوگئے جہاں ان کی ملاقات گروپ کے کنوینر کی صاحبزادی جینیفر کیڈل سے ہوئی۔وہ ان سے محبت کربیٹھے اور بعد میں انہی سے شادی کرلی۔
ششی کپور نے بطور اداکار باقاعدہ شروعات سنہ 1961میں یش چوپڑا کی فلم دھرم پتر سے کی۔اس کے بعد انہیں ومل رائے کی فلم پریم پتر میں بھی کام کرنے کا موقع ملا لیکن بدقسمتی سے دونوں ہی فلمیں ناکام ثابت ہوئیں۔
اس کے بعد ششی کپور نے مہندی لگی میرے ہاتھ، ہولی ڈے ان بامبے اور بے نظیر جیسی فلموں میں بھی کام کیا لیکن یہ سبھی فلمیں کچھ خاص کمال نہیں دکھا سکیں۔
سنہ1965میں ششی کپور کے کیریئر نے اہم موڑ لیا ۔اس سال ان کی فلم 'جب جب پھول کھلے'ریلیز ہوئی۔بہترین نغموں ،موسیقی اور اداکاری سے آراستہ اس فلم کی زبردست کامیابی نے ششی کپور کے کیریئر کو ایک نئی سمت دی۔
سنہ 1965میں ہی ششی کپور کے کیریئر کی ایک اور بہترین فلم 'وقت' ریلیز ہوئی۔اس فلم میں ان کے سامنے بلراج ساہنی، راج کمار اور سنیل دت جیسے مشہور اور بہترین اداکار تھے۔اس کے باوجود اپنی اداکاری سے شائقین کی توجہ اپنی طرف مبذول کرنے میں وہ کامیاب رہے۔یہ فلم اس وقت کی بہترین اور سپر ہٹ فلموں میں شمار کی جاتی ہے۔