اتوار کے روز کسان پورٹل کا آغاز کرتے ہوئے پیترودا نے کہا کہ کاشتکاری سے لے کر فصلوں کی فروخت تک کسانوں کو تمام ضروری معلومات ان کے موبائل فون پر دی جائیں گی۔ فی الحال، شروعات میں اس کے تحت تعلیم، مارکیٹنگ، فنانس اور انشورنس جیسے چار مضامین شامل کیے گئے ہیں، لیکن آنے والے وقت میں کسانوں کے مطالبے اور ماہرین کے مشورے کی بنیاد پر اس میں توسیع کی جائے گی۔
تحریری مواد کے علاوہ، کاشتکاروں کو ویڈیو کے ذریعے مفید معلومات بھی فراہم کی جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ زراعتی یونیورسٹیوں اور دیگر اداروں میں زراعت سے متعلق نئی تحقیق کی جارہی ہے، لیکن اس کی معلومات کاشتکاروں تک نہ پہنچنے کی وجہ سے انہیں فائدہ نہیں مل پاتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ آج کاشتکاروں کو کھاد، بیج، جراثیم کش دوا، بینک کے قرض، فصل انشورنس اور فصلوں کی فروخت سے لے کر نئی ٹکنالوجی سے متعلق معلومات کی ضرورت ہے۔ ایسی تمام معلومات ان کے فون پر دی جاسکتی ہیں۔
اس کی مدد سے کسان اپنی پیداوار کو براہ راست تاجروں کو بھی فروخت کرسکیں گے۔ پیترودا نے کہا کہ آج بہت ساری کمپنیاں کسانوں تک پہنچنے کی کوشش کر رہی ہیں لیکن انہیں کچھ فروخت کرنا ہے اور ہمارا کام کاشتکاروں کو آگاہ کرنا ہے کہ انہیں فصل کی زيادہ قیمت کہاں سے ملے گی۔