راجستھان میں سیاسی بحران مزید گہرا ہوگیا ہے جب وزیر اعلی اشوک گہلوٹ اور ان کے نائب سچن پائلٹ کے درمیان اختلافات مزید بڑھ گئے۔ اس دوران اشوک گہلوٹ نے کہا کہ بی جے پی ریاست میں اراکین اسمبلی کی خرید و فروخت کے ذریعہ حکومت کو گرانا چاہتی ہے۔
سچن پائلٹ اس وقت دہلی میں موجود ہیں تا کہ ریاست کی موجودہ صورتحال پر اعلی قیادت سے بات چیت کرسکیں۔ کل صبح 10:30 بجے اشوک گہلوٹ کے مکان پر کانگریس لیجسلیچر پارٹی کی میٹنگ منعقد ہوگی۔ اس کے علاوہ گہلوٹ نے پارٹی کے اراکین اسمبلی اور وزراء کی بھی میٹنگ طلب کی ہے۔
اشوک گہلوٹ نے ٹویٹر پر کہا کہ اسپیشل آپریشن گروپ نے انہیں ، ان کے نائب سچن پائلٹ ، وزراء ، کے علاوہ کئی اراکین اسمبلی کو نوٹس جاری کی ہے۔ یہ نوٹس بی جے پی پر اراکین اسمبلی کی خرید و فروخت کا الزام عائد کرنے کے بعد بھیجی گئی ہے۔
ذرائع کے مطابق سچن پائلٹ نے کانگریس کی عبوری صدر سونیا گاندھی سے ملاقات کے لیے وقت مانگا ہے تاہم انہیں تاحال وقت نہیں دیا گیا ہے ۔ انہوں نے دوسرے اعلی رہنما سے ملاقات کی تا کہ اپنی شکایت پارٹی کی اعلی کمان تک پہنچائی جاسکے۔