روس نے کہا ہے کہ وہ بھارتی وزارت دفاع اور دفاعی صنعت کے اشتراک سے بھارت میں 'میک ان انڈیا' پروگرام میں فعال کردار ادا کرنے کے لئے پرعزم ہے۔ اور اسی سلسلے میں اے کے 203 رائفل بنانے کے لیے دونوں ممالک کے مابین مشترکہ منصوبے کے قیام پر جلد ہی ایک معاہدہ طے پا جائے گا۔
وزیر دفاع راجناتھ سنگھ جو روس کے تین روزہ دورے پر ہیں، نے آج اپنے روسی ہم منصب جنرل سرگئی شوئیگو سے مختلف معاملات پر دو طرفہ ملاقات کی۔
تقریبا ایک گھنٹہ جاری رہنے والی اس میٹنگ میں دونوں فریق کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ مسٹر سنگھ شنگھائی تعاون تنظیم کے ممبر ممالک کے وزرائے دفاع کے اجلاس میں بھی شریک ہوں گے۔
دونوں ملکوں نے بھارت میں اے کے 203 جدید ترین رائفل تیار کرنے کے لیے جوائنٹ وینچر سے متعلق مشترکہ منصوبے سے متعلق جاری پیشرفت پر خوشی کا اظہار کیا اور اس کے کامیابی کے ساتھ اختتام تک پہنچنے کے امکانات پر بھی اپنے عزم کا اظہار کیا۔
اس رائفل کو پیدل فوج کے لیے انتہائی نفیس ہتھیار کے طور پر دیکھا جاتا ہے۔ اس مشترکہ منصوبے کو میک ان انڈیا پروگرام میں روس کی شرکت کے لیے بہت ہی مثبت سمجھا جارہا ہے۔
بات چیت کے دوران روسی وزیر دفاع نے کہا کہ روسی دفاعی صنعت بھارت کی وزارت دفاع اور دفاعی صنعت کے اشتراک سے میک ان انڈیا پروگرام میں فعال کردار ادا کرنے کے لیے پرعزم ہے۔ اس کے علاوہ روس اگلے سال فروری میں ہونے والے ایرو انڈیا شو میں بھی حصہ لے گا۔