کانگریس کے صدر راہل گاندھی نے مودی حکومت پر سخت تنقید کی ہے۔
حالانکہ کانگریس پر جوابی حملہ کرتے ہوئے مرکزی وزیر قانون روی شنکر پرساد نے کہا کہ پوری دنیا بھارت کے ساتھ ہے، چین کے رویے سے تکلیف ہوئی ہے۔ بھارت کو جب تکلیف ہوتی ہے تو راہل گاندھی کو خوشی ہوتی ہے۔
انہوں نے راہل سے سوال کرتے ہوئے کہا کہ 2009 میں یوپی اے کے دور میں بھی چین نے مسعود اظہر کے ساتھ یہی کیا تھا، تب بھی آپ نے ایسا ٹویٹ کیا تھا کیا؟ راہل گاندھی جی آپ کا چین کے ساتھ اچھے تعلقات ہیں۔ ایسے میں وہ چین کے ساتھ اپنے تعلقات کا فائدہ اٹھاتے ہیں اور مسعود اظہر کو بین الاقوامی دہشت گرد قرار دلانے میں مدد کرتے ہیں۔
روی شنکر پرساد نے کہا کہ مسعود کو بین الاقوامی دہشت گرد قرار دلانے کے لیے آج چین کو چھوڑ کر پوری دنیا بھارت کے ساتھ ہے۔ یہ ایک طرح سے بھارت کی سفارتی جیت ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ : ' راہل گاندھی جی کیا آپ کو معلوم ہے کہ آج آپ کے ٹویٹ جیش محمد کے دفتر میں بڑے ہی مزے سے پڑھے اور دکھائے جائیں گے؟ دہشت گردی کے خلاف لڑائی میں آج کانگریس کی لڑائی شبے کے دائرے میں ہے'۔
ان کے اس الزام کے بعد کانگریس نے بھی تبصرے کیے ہیں۔ کانگریس ترجمان پرینکا چترویدی نے کہا کہ روی شنکر پرساد جی چاہتے ہیں کہ راہل گاندھی چین پر دباؤ بنا کر مسعود اظہر کو اقوام متحدہ کی سکیورٹی کونسل میں ایک بین الاقوامی دہشت گرد کے طور پر منتخب کرے۔ فکر نہ کریں،2019 میں ہم ایسا کریں گے۔ شرم کی بات ہے وعدوں کے باوجود وزیر اعظم مودی نے دہشت گردی، جیش محمد، پاکستان کے خلاف کچھ نہیں کر پائے۔