تمل ناڈو میں انتخابی تشہیر کا آغاز کریں گے راہل گاندھی
کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی تمل ناڈو میں اسمبلی انتخابات کےلئے 23 جنوری سے پارٹی کی انتخابی تشہیر کا آغاز کریں گے۔ تمل ناڈو ریاستی کانگریس صدر کے ایس الاگری نے بتایا کہ راہل گاندھی کویمبٹور،تروپور،ایروڈ ،کرور اور ڈنڈیگل ضلعوں میں سلسلے وار میٹنگ سے خطاب کریں گے۔
راہل گاندھی کے ریاستی دورے کی اطلاع دیتے ہوئے الاگری نے بتایا کہ کانگریس کے سابق صدر 23 جنوری کو صبح گیارہ بجے کویمبٹور پہنچیں گے۔ چترا- کلاپٹی ہوائی اڈے پر استقبال کے بعد وہ چھوٹے اور بہت چھوٹی صنعتوں کے نمائندوں کے ساتھ بات چیت کریں گے۔
تروپرکمارن میموریل پلر میں پھولوں کے ہار چڑھانے کے بعد وہ صنعتی مزدوروں سے خطاب کریں گے۔ وہ تروپر میں ہی رات آرام کریں گے ۔
کانگریس رہنما 24 جنوری کو ایروڈ میں تین مقامات پر منعقد پروگراموں میں شامل ہوں گے اور مقامی بنکروں سے بات چیت کریں گے۔کانگیئم میں ایک دیگر پروگرام میں شامل ہونے کے بعد وہ دھاراپورم میں ریلی سے خطاب کریں گے اور یہیں رات کو آرام کریں گے۔
راہل گاندھی 25 جنوری کو کرور میں منعقد پروگرام میں شامل ہوں گے اور بعد میں کسان کانفرنس سے خطاب کریں گے ۔کرور اور ڈنڈیگل میں دو میٹنگوں سے خطاب کرنے کے بعد وہ مدورے کےلئے روانہ ہوں گے جہاں سے دہلی لوٹیں گے۔