کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی نے چینی فوجیوں کے ساتھ پُرتشدد جھڑپ میں فوجیوں کی شہادت پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے ان کے اہل خانہ سے تعزیت کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے تعزیت کیا اور کہا میں فوجی افسراور فوجی جوانوں کی شہادت کے درد کو الفاظ میں بیان نہیں کرسکتا سبھی متاثرین کےعزیزوں سے میں تعزیت کرتاہوں۔
ہم اس مشکل گھڑی میں آپ کے ساتھ کھڑے ہیں۔ منگل کے روز کانگریس نے چین کی سرحد پر فوجیوں کی شہادت پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اسے ایک انتہائی سنگین مسئلہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ پانچ دہائیوں میں اس سرحد پر اس طرح کا واقعہ نہیں ہوا ہے ، لہذا حکومت کو چاہئے کہ وہ ملک کے عوام کو سچ بتائے۔
کانگریس کے شعبہ مواصلات کے سربراہ رندیپ سنگھ سرجے والا نے یہاں بتایا کہ لائن آف ایکچول کنٹرول پر بھارت اور چین کے فوجیوں کے مابین تصادم کے بعد بھارتی فوجیوں کے شہید ہونے کے بارے میں میڈیا میں خبریں آرہی ہیں۔ اگر یہ اطلاعات درست ہیں تو پانچ دہائیوں کے دوران پہلی بار چین کی سرحد پر فوجیوں کی شہادت ہوئی ہے جو سکتہ میں ڈالنے والا واقعہ ہے۔
انہوں نے سوال کیا کہ اگر کل رات فوجیوں کو شہید کیا گیا تو پھر فوج نے آج 12.52 بجے بیان کیوں جاری کیا اور صرف 16 منٹ بعد ہی بیان کو کیوں تبدیل کیا گیا یعنی شام 13.08 بجے بیان کیوں تبدیل کیا گیا۔ اس واقعہ میں ہمارے کچھ جوانوں کے شدید زخمی ہونے کی بھی اطلاعات ہیں۔