وزیر اعظم نریندر مودی نے آج جموں و کشمیر کے لوگوں کے لیے مرکزی حکومت کی ہیلتھ انشورنس اسکیم کا آغاز کیا۔ اس موقع پر مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ گوہاٹی سے ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے جڑے۔ اس کے ساتھ ہی مرکز کے زیر انتظام علاقے جموں و کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا بھی موجود رہے۔
اس اسکیم کا مقصد جموں و کشمیر میں عالمی سطح پر صحت کی کوریج کو یقینی بنانا ہے، ان میں سے ایک مالی تحفظ فراہم کرنا ہے اور تمام شہریوں اور برادریوں کو کم سے کم رقم میں بہتر سے بہتر سہولیات فراہم کرنا ہے۔ ہیلتھ انشورنس اسکیم کے آغاز کے بعد وزیر اعظم مودی نے مستحقین سے بات چیت کی اور انہیں ہیلتھ کارڈز دیے گئے۔ مختلف لوگوں نے اپنی بیماری اور صحتیابی کے تجربات وزیر اعظم مودی کے ساتھ شیئر کیے۔
اس موقع پر وزیر داخلہ امت شاہ نے کہا کہ جموں و کشمیر کے ہر فرد کو اس اسکیم کا فائدہ ملے گا۔ ہر کشمیری اس اسکیم سے فائدہ اٹھا سکیں گے۔ اس کے لیے 229 سرکاری اسپتالوں اور 35 نجی اسپتالوں فہرست تیار کی گئی ہیں، انہوں نے اس اسکیم کے آغاز کا سہرا ایل جی منوج سنہا کے سر باندھا اور کہا کہ وزیر اعظم مودی ہمیشہ کہتے ہیں کہ ترقی کو زمینی سطح تک پہنچنا چاہیے۔
حالیہ ڈی ڈی سی انتخابات پر شاہ نے کہا کہ ڈی ڈی سی الیکشن میں ایک قطرہ بھی خون نہیں بہا، یہ انتخابات پرامن اور شفاف انداز میں منعقد ہوئے۔ شاہ نے کہا 'ڈی ڈی سی انتخابات کے بعد ترقی گاؤں اور گھروں تک پہنچیں گی۔'
مرکزی حکومت کا پیسہ اب جموں و کشمیر حکومت کے بجائے ضلعی ترقیاتی کونسل کو جائے گا، تاکہ وہ علاقے کی ترقی کے لیے روڈ میپ پر کام کریں۔ انہوں نے کہا کہ 'جموں و کشمیر میں پہلی بار ترقی نے زور پکڑا ہے اور وہاں پر امن فضا قائم ہوئی ہے۔'
یہ اسکیم جموں و کشمیر کے تمام باشندوں کو مفت بیمہ کی سہولت فراہم کرے گی، اس میں ایک کنبے کے لیے پانچ لاکھ روپے کا انشورنس کور دیا جائے گا۔ یہ اسکیم 'پردھان منتری جن آروگیہ یوجنا' کے ساتھ کام کرے گی۔ اس اسکیم کی خصوصیت یہ ہے کہ اس کی سہولیات ملک کے کسی بھی حصے میں پورٹیبل ہوسکتی ہے۔ وہ تمام اسپتال جو پردھان منتری 'جن آروگیہ یوجنا' (پی ایم جے جے) کے تحت آتے ہیں، وہ تمام اسپتال بھی اس اسکیم کے تحت آئیں گے۔ جموں و کشمیر کے عوام اس طرح کے کسی بھی اسپتال میں اپنا علاج کروا سکیں گے۔
لانچنگ سے قبل مرکزی خطہ جموں و کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے کہا کہ ہم جموں و کشمیر کی ترقی کے لیے پرعزم ہیں اور بہت ساری اسکیمیں چل رہی ہیں۔ جموں و کشمیر تشدد سے آزاد ہے۔
لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ وزیر اعظم مودی نے کسانوں کی مدد کے لیے جمعہ کے روز 'کسان سمّان نیدھی یوجنا' کی ایک دیگر قسط جاری کی۔ ایک طویل عرصے کے بعد جموں و کشمیر میں بغیر کسی تشدد کے کوئی الیکشن ہوا۔ ایل جی منوج سنہا نے کہا '28 دسمبر کو نومنتخب ڈی ڈی سی ممبران حلف لیں گے۔ جموں ملک کا واحد شہر ہے جہاں آئی آئی ایم، آئی آئی ٹی اور آئی آئی ایم سی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر کو دو ایمز الاٹ کیے گئے ہیں۔'