لوک جن شکتی پارٹی کے بانی و مرکزی وزیر برائے خوراک و رسد آنجہانی رام ولاس پاسوان کے کل رات گزر جانے کے بعد اب ان کے اس عہدے کی ذمہ داری وزیر ریل پیوش گویل کو سونپی گئی ہے۔ پیوش گویل بھارتیہ جنتا پارٹی کے قدآور رہنما اور بھارت کے موجودہ کامرس اور صنعت اور ریلویز کے مرکزی وزیر ہیں۔
رام ولاس پاسوان کی موت کی خبر پر صدر رام ناتھ کووند، وزیر اعظم نریندر مودی وزیر داخلہ امیت شاہ سمیت کئی سیاسی رہنماؤں نے افسوس کا اظہار کیا اور ان کے اہل خانہ کے ساتھ اظہار تعزیت کی۔
تفصیل کے مطابق، مرکزی وزیر اور بہار کے سرکردہ سیاسی رہنماؤں میں سے ایک رام ولاس پاسوان کی کل رات طویل علالت کے بعد موت ہوگئی۔ 74 سالہ پاسوان مدت دراز سے دل اور گردے کی تکلیف میں مبتلا تھے اور بغرض علاج انھیں دہلی کے فورٹس اسکورٹس اسپتال میں داخل کرایا گیا تھا۔