اردو زبان کے طلبا و طالبات کو کمپیوٹر اور جدید انفارمیشن ٹکنالوجی سے مربوط کرنے اور اس شعبے میں کریئر بنانے کا موقع فراہم کرنے کے لیے قومی کونسل برائے فروغ اردو زبان کے تحت کمپیوٹر اپلی کیشنز، بزنس اکاؤنٹنگ اینڈ ملٹی پل ڈی ٹی پی کا ایک سالہ ڈپلوما کورس کروایا جاتا ہے۔ جس سے اب تک پورے ملک کے لاکھوں طلبا و طالبات استفادہ کرچکے ہیں اوراس سرٹیفکیٹ کی بنیاد پر مختلف سرکاری و غیر سرکاری اداروں میں ملازمت کے حصول میں بھی کامیاب رہے ہیں۔
واضح رہے کہ قومی کونسل برائے فروغ اردو زبان کا یہ کورس نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف الیکٹرانکس اینڈ انفارمیشن ٹکنالوجی(نیلیٹ)چنڈی گڑھ (وزارت برائے الیکٹرانکس و انفارمیشن ٹکنالوجی) کے اشتراک سے چل رہا ہے اور اب اس کورس کو وزارت برائے اِسکل ڈیولپمنٹ کے تحت چلنے والے ادارہ نیشنل اسکل ڈیولپمنٹ اتھارٹی کی جانب سے منظوری مل گئی ہے، جس سے اس کورس سے مستفید ہونے والے طلبا و طالبات کے لیے کامیابی اور سرکاری و غیر سرکاری ملازمتوں کے امکانات مزید وسیع ہوگئے ہیں۔
اس موقع پر مسرت کا اظہار کرتے ہوئے کونسل کے ڈائریکٹر ڈاکٹر شیخ عقیل احمد نے کہا کہ یہ قومی کونسل کی بڑی حصولیابی ہے اور کونسل کے کمپیوٹر کورس کو اسکل ڈیولپمنٹ منسٹری سے منظوری ملنے کے بعد اس کورس کو مکمل کرنے والے طلبا وطالبات کے لیے کامیابی کی راہیں مزید روشن ہوگئی ہیں۔