بھارت میں کورونا متاثرین کی مجموعی تعداد 14 لاکھ سے تجاوز کر گئی ہے تاہم راحت والی بات یہ ہے کہ اس دوران تقریباً 32 ہزار مریض صحتیاب ہوئے ہیں اور صحتیاب ہونے والوں کی تعداد 9 لاکھ سے زائد ہوگئی ہے۔
مرکزی وزارت صحت کی جانب سے جاری کردہ تازہ ترین اعداد و شمار کے مطابق ملک میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے 49 ہزار 931 کیسز رپورٹ ہونے سے متاثرین کی مجموعی تعداد 14 لاکھ 35 ہزار 453 ہوگئی ہے جبکہ اس وبا سے 708 افراد ہلاک ہونے سے یہ تعداد بڑھ کر 32 ہزار771 ہوگئی ہے۔
اس کے علاوہ اسی عرصہ میں 31 ہزار 991 مریض صحتیاب ہونے سے یہ تعداد بڑھ کر 9 لاکھ 17 ہزار 568 ہوچکی ہے اور اس وقت ملک میں کورونا وائرس کے 4 لاکھ 85 ہزار 114 فعال کیسز ہیں۔
ملک میں کورونا وائرس سے سب سے زیادہ متاثرہ ریاست مہاراشٹر ہے جہاں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 9 ہزار 131 کیسز درج کئے گئے ہیں جس کے بعد متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 3 لاکھ 75 ہزار 799 ہوگئی ہے جبکہ اس دوران 267 افراد کی موت کے بعد ہلاک شدگان کی مجموعی تعداد 13 ہزار 656 ہوگئی ہے اس کے علاوہ ریاست میں اس مہلک وائرس کے صحتیاب ہونے والے افراد کی تعداد 2 لاکھ 13 ہزار 238 ہوگئی ہے۔
کورونا وائرس سے متاثر ہونے کے معاملہ میں تمل ناڈو دوسر نمبر پر ہے جہاں گزشتہ 24 گھنٹوں میں 6 ہزار 986 نئے معاملات سامنے آئے ہیں اور اس ریاست میں کورونا کیسز کی تعداد 2 لاکھ 13 ہزار 723 ہوگئی ہے جبکہ اس دوران 85 افراد کی موت کے بعد ہلاک شدگان کی تعداد 3494 پہنچ گئی ہے اس کے علاوہ ایک لاکھ 56 ہزار 526 افراد صحتیاب ہوئے ہیں۔
قومی دارالحکومت دہلی میں کورونا وبا کے حالات اب کچھ کنٹرول میں ہے اور کورونا کے کیسز میں اضافے کی شرح میں کمی آئی ہے۔ دہلی میں اب تک ایک لاکھ 30 ہزار 606 افراد کورونا وائرس کی زد میں آچکے ہیں جبکہ اس سے مرنے والوں کی تعداد 3827 اور صحتیاب ہونے والوں کی تعداد ایک لاکھ 14 ہزار 875 ہے۔
ریاست آندھرا پردیش،کرناٹک کو پیچھے چھوڑ کر متاثرہ افراد کے معاملہ میں چوتھے نمبر پر آگئی ہے۔ یہاں 96 ہزار 298 افراد اس جان لیوا وبا میں مبتلا ہوچکے ہیں اور 1041 افراد اپنی زندگی سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں جبکہ 46 ہزار 301 افراد اس مرض سے شفایاب ہوئے ہیں۔