ریاست ہریانہ میوات کے معروف خطیب حافظ مولانا شمس الدین سلفی کو ان کی رہائشی گاؤں گلالتہ میں سپرد خاک کر دیا گیا۔ حافظ شمس الدین 16 ستمبر 2020 کو دہلی کے صفدرجنگ ہسپتال میں اس دنیائے فانی کو خیرباد کہہ گئے تھے۔ ان کا آبائی مسکن لاڈمکا گاؤں تھا، لیکن والد حکیم اسماعیل امامت کرنے گاؤں گلالتہ چلے آئے اور پھر یہیں کے ہو کر رہ گئے۔
مولانا کی وفات اہالیان علم بالخصوص علاقہ میوات کا بڑا خسارہ ہے۔ حافظ شمس الدین رحمہ اللہ علم و خطابت کی بنا پر علاقہ میوات وہ بیرون میوات کافی شہرت رکھتے تھے۔ اپنی بے باک شعلہ بیاں خطابت کے ذریعے علاقہ میوات اور جنوبی بھارت میں بالخصوص اپنا لوہا منوایا تھا۔ انھوں نے دعوت و تبلیغ کی خاطر بہت سے اسفار کئے۔
گلالتہ گاؤں میں ہی سبیل السلام نامی ایک ادارے کا قیام کیا تھا جس سے بنیادی تعلیم حاصل کر قرب و جوار کے متعدد افراد عالم فاضل ڈاکٹر، انجنیئر بنے اور آج سر کاری و غیر سرکاری خدمات پورے ملک میں انجام دے رہے ہیں۔