مغربی بنگال جمیعت العلماء کے صدر اور ممتا حکومت کے کابینہ وزیر مولانا صدیق اللہ چودھری کا کہنا ہے کہ اگر حکومت شہریت ترمیمی قانون کو واپس نہیں لیتی ہے، تو کلکتہ ائیر پورٹ سے وزیر داخلہ امت شاہ کو نکلنے نہیں دیا جائے گا۔
جمعیت علماء بنگال کے بینر تلے منعقد ایک بڑی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے مولانا صدیق اللہ چودھری نے کہا کہ 'یہ قانون انسانیت اور تہذیب و تمدن کے خلاف ہے، جن کے آباء و اجداد بھارت میں صدیوں سے رہ رہے ہیں اس قانون کے ذریعہ انہیں بھی بے دخل کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔'
انہوں نے کہا کہ امت شاہ اور مودی آج بول رہے ہیں اس قانون کا تعلق این آر سی سے نہیں مگر بنگال میں کئی ریلیوں سے خطاب کرتے ہوئے امت شاہ کہہ چکے ہیں کہ پہلے شہریت ترمیمی بل کو پارلیمنٹ کے ذریعہ پاس کرا کر این آر سی کرایا جائے گا۔
مسلمانوں کے علاوہ تمام افراد کو شہریت دی جائے گی۔ اگر مسلمانوں کے نام این آر سی میں نہیں آئے تو انہیں ملک سے بے دخل کردیا جائے گا۔
صدیق اللہ چودھری نے کہا کہ آج مودی اور شاہ بھلے ہی کچھ بول رہے ہیں مگر یہ قانون مذہبی تعصب اور نفرت کی بنیاد پر بنایا گیا ہے اور اس کا مقصد مسلمانوں کو پریشان کرنا ہے۔