دارالحکومت دہلی میں 56 روز کے بعد لاک ڈاؤن میں رعایت ملنے سے عوام کو راحت ملی ہے اور وہ خریداری کے لیے باہر نکل رہے ہیں۔ اس دوران دہلی حکومت کی جانب سے آڈ ایون (جفت طاق)کے فارمولے پر عمل کرنے کی تلقین کی گئی ہے تاکہ محدود تعداد میں ہی بازاروں کی سرگرمیاں جاری رکھی جا سکیں۔
حکومت کے فارمولے کے مطابق دوکانداروں نے اپنی دوکانیں کھولیں، لیکن چونکہ عوام پر یہ فارمولہ نافذ نہیں ہوتا ہے اسی لیے لوگوں کی بھیڑ جا بجا دکھائی دے رہی ہے۔
دہلی میں اب بھی 77 کنٹینمینٹ زون ہیں یہی وجہ ہے کہ مکمل طور پر دہلی کے بازاروں کو کھولنے کی اجازت نہیں دی گئی ہے۔ فی الحال انہیں علاقوں میں دوکانیں کھولی جا سکتی ہیں جو کنٹینمنٹ زون کی فہرست سے باہر ہیں۔
آڈ ایون کے فارمولے کے ساتھ کھولی گئی دوکانیں وہیں چاندنی چوک اور صدر بازار مارکیٹ ایسوسی ایشن کی جانب سے 31 مئی تک دکانیں بند رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
خیال رہے کہ دنیا بھر میں پھیلنے والی وبا کورونا وائرس سے سب پریشان ہیں کچھ ممالک میں اب بھی لاک ڈاؤن جاری ہے، جبکہ بعض نے لاک ڈاون ختم کر کے معمولات زندی کو احتیاط کے ساتھ بحال کر دیا ہے۔