کانگریس کے سینئر رہنما اور راجیہ سبھا کے رکن ملکا ارجن کھڑگے نے دہلی میں 26 جنوری کو کسانوں کی ٹریکٹر پریڈ کے دوران ہونے والے تشدد کا ذمہ دار مرکزی حکومت کو قرار دیا ہے، انہوں بلاواسطہ مرکز کو اس کے لیے قصوروار کہا اور کہا کہ وزیر داخلہ امت شاہ کی کسانوں کی تحریک کو کمزور کرنے کی منصوبہ بند سازش تھی۔ انہوں کہا کہ کانگریس پارٹی آئندہ پارلیمنٹ اجلاس میں اس مسئلے کو اٹھائے گی۔
ای ٹی وی بھارت سے بات چیت کے دوران ملکا ارجن کھڑگے نے کہا کہ دہلی میں امن و امان کے معاملے پر جو کچھ ہوا اس کے لیے مودی اور شاہ دونوں ہی ذمہ دار ہیں۔ جس شخص نے 26 جنوری کو لال قلعہ پر مذہبی جھنڈا لہرایا تھا وہ بی جے پی سے وابستہ ہے۔ کسانوں کی تحریک کو بدنام کرنے کے لئے ایک سازش رچی گئی تھی، تاکہ وہ حکومت کے تینوں زرعی قوانین سے متعلق قواعد اور شرائط کو قبول کرلیں، دہلی تشدد کے معاملے پر چدمبرم نے بھی کھڑگے کی تشویش کی حمایت کی۔