اردو

urdu

ETV Bharat / bharat

مہاراشٹر: لاک ڈاؤن کے دوران 23 ہزار سے زائد افراد گرفتار - وزیر داخلہ انیل دیشمکھ

مہاراشٹر میں لاک ڈاؤن کے دوران دفعہ 188 کے تحت 123637 معاملے درج کیے گئے اور 23893 افراد کو گرفتار کیا گیا۔

Maharashtra: More than 23,000 people arrested during lockdown
مہاراشٹر: لاک ڈاؤن کے دوران 23 ہزار سے زائد افراد گرفتار

By

Published : Jun 8, 2020, 8:18 PM IST

ریاستی وزیر داخلہ انل دیشمکھ نے کہا کہ 'لاک ڈاؤن میں قدر نرمی کا مطلب یہ نہیں ہے کہ لاک ڈاؤن ختم ہوچکا ہے۔ اس کے برعکس ہم سب پر اس مدت کے دوران سماجی فاصلہ برقرار رکھنے کی ایک بڑی ذمہ داری عائد ہوتی ہے لہذا ہر ایک کو تمام اصولوں پر عمل پیرا رہتے ہوئے تمام احتیاطی تدابیر اختیار کرنا چاہیے۔'

انہوں نے بتایا کہ ریاست میں لاک ڈاؤن شروع ہونے کے بعد سے ضروری خدمات کے لئے محکمہ پولیس کی جانب سے 4 لاکھ 60 ہزار 318 پاس جاری کیے گئے ہیں جبکہ 5 لاکھ 86 ہزار افراد کو کورنٹائن کیا گیا ہے۔

یہ معلومات دیتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ 22 مارچ سے 7 جون کے دوران ریاست میں دفعہ 188 کے تحت 123637 جرائم درج کیے گئے اور 23893 افراد کو گرفتار کیا گیا۔ نیز مختلف جرائم پر 6 کروڑ 78 لاکھ 09 ہزار 891 روپے کا جرمانہ عائد کیا گیا ہے۔

وزیر داخلہ نے بتایا کہ پولیس فورس، محکمہ صحت سے وابستہ ملازمین، ڈاکٹر، اور نرسیں کورونا کا مقابلہ کرنے کے لئے دن رات کام کر رہے ہیں۔ لیکن کچھ بد خصلت افراد ان پر حملہ کر رہے ہیں۔ محکمہ پولیس کو ایسے حملہ آوروں کے خلاف سخت کارروائی کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ اس دوران پولیس پر حملے کے 262 واقعات ہوئے۔ 845 افراد کو گرفتار کیا گیا ہے اور مزید کارروائی کی جارہی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ محکمہ پولیس کا 100 نمبر تمام اضلاع میں 24 گھنٹے کام کر رہا ہے۔ لاک ڈاؤن کے دوران اس فون پر 100687 کالز موصول ہوئی تھیں، جن میں سے سبھی کا باقاعدہ نوٹ لیا گیا۔ اسی دوران 718 ایسے افراد کو پولس نے تلاش کیا جن کے ہاتھوں پر قرنطینہ کی مہر لگی تھی۔ اور انھیں واپس قرنطینہ مراکز لے جایا گیا۔ ریاست میں کل 586967 افراد کو قرنطینہ میں رکھا گیا ہے۔

انھوں نے بتایا کہ اس دوران 1332 گاڑیوں کے خلاف فوجداری مقدمات درج کیے گئے اور 80532 گاڑیاں ضبط کی گئیں۔ نیز اس دوران ریا ست میں غیر ملکی شہریوں کے ذریعہ ویزا کی خلاف ورزی کے 15 معاملات کی اطلاع ملی ہے۔

کورونا وائرس کے پھیلاؤ پر قابو پانے کے لئے جاری کوششوں میں بدقسمتی سے ممبئی سے 20 پولیس کانسٹیبل اور 1 آفیسر کے بشمول جملہ 34 پولس ہلاک ہو چکے ہیں۔ ان میں ممبئی کے علاوہ ریاست کے دیگر علاقوں، پونے 2، شولا پور شہر 2، ناسک دیہی علاقے کے 3، اے ٹی ایس 1، ممبئی ریلوے 1، تھانہ دیہی علاقے کے 2، جلگاؤں دیہی 1، پولس اہلکارو کو کو اپنی زندگی سے ہاتھ دھونا پڑا ہے۔

ریاست بھر میں پولیس اہلکاروں کو کورونا سے متعلق کوئی علامات محسوس ہونے پر فوری کارروائی کرنے کے لئے کنٹرول روم قائم کردیے گئے ہیں۔ اس وقت 196 پولیس افسران اور 1241 پولیس کورونا سے متاثر ہیں اور زیر علاج ہیں۔ ریاست میں اس وقت مجموعی طور پر 310 امدادی کیمپ موجود ہیں جہاں تقریبا 16728 افراد کو جگہ دی گئی ہے۔

اس موقع پر انہوں نے ریاستی عوام سے اپیل کی کہ ریاست کے ہر شہری سے توقع کی جاتی ہے کہ وہ کورونا کے خلاف جنگ میں حصہ لیں۔ سماجی فاصلہ برقرار رکھیں اور تمام اصولوں پر عمل پیرا رہتے ہوئے احتیاطی تدابیر اختیار کر کے حکومت اور انتظامیہ کے ساتھ تعاون کریں۔

ABOUT THE AUTHOR

...view details