ریاست مہاراشٹر کے ضلع اورنگ آباد میں کورونا مریضوں کی تعداد میں اضافہ ہو رہا ہے۔ 16 جولائی کی صبح ضلع انتظامیہ کی رپورٹ کے مطابق ضلع میں کورونا کے 66 نئے مریض سامنے آئے ہیں۔
اورنگ آباد میں کورونا مثبت مریضوں کی تعداد میں آئے دن اضافہ ہورہا ہے۔ ضلع میں کورونا مریضوں کی تعداد بڑھ کر 9510 ہوگئی ہے۔
ضلع میں 370 افراد کی کورونا سے موت واقع ہوئی ہے اور 5499 مریض صحتیاب ہو کر اپنے گھر جا چکے ہیں اور 3641 مریض اسپتال میں زیر علاج ہیں۔
کورونا کے مریضوں کو اورنگ آباد ضلع کے مختلف اسپتالوں میں علاج کے لیے رکھا گیا ہے۔ مریضوں کی بڑھتی تعداد کو دیکھتے ہوئے پولیس انتظامیہ نے شہر میں جگہ جگہ چیک پوائنٹ لگائے ہیں تاکہ لوگ بے وجہ شہر میں نہ گھومیں۔
انتظامیہ نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنے گھروں میں رہیں اور ضرورت کے وقت ہی گھروں سے باہر نکلیں۔ سوشل ڈسٹنسنگ، فیس ماسک لگانے اور انتظامیہ کے ساتھ تعاون کرنے کی بھی اپیل کی ہے۔
اورنگ آباد میں کئی جگہ ہاٹ اسپاٹ بنائے گئے ہیں۔ کنٹینمنٹ زون کے لوگوں کو اپنے زون سے باہر نکلنے کی اجازت نہیں دی گئی ہے۔
جن علاقوں میں مثبت مریض پائے جا رہے ہیں ان علاقوں کو پوری طرح سیل کر دیا گیا ہے اور وہاں پر انتظامیہ کی جانب سے سینیٹائزیشن کا کام جاری ہے۔