اردو

urdu

ETV Bharat / bharat

'کشمیر پر اقدامات بھارت کا اندرونی معاملہ' - دفعہ 370 کا خاتمہ

امریکی وزیر دفاع ڈاکٹر ٹی ایسپر نے جموں وکشمیر میں مرکزی حکومت کی جانب سے کیے گئے اقدامات کو بھارت کا داخلی معاملہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت اور پاکستان کے مابین کسی بھی معاملے کو دو طرفہ بات چیت کے ذریعہ حل کیا جانا چاہئے۔

فائل فوٹو

By

Published : Aug 20, 2019, 11:28 PM IST

Updated : Sep 27, 2019, 5:21 PM IST

وزیر اعظم نریندر مودی کی امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کے ساتھ ٹیلیفونک گفتگو کے ایک روز بعد آج وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نےڈاکٹر ایسپر سے ٹیلیفون پر بات کی۔ امریکی وزیر دفاع نے گفتگو میں یہ بات کہی۔

راج ناتھ سنگھ نے بات چیت کے دوران سرحد پار سے ہونے والی دہشت گردی کا معاملہ اٹھایا اور خطے میں امن و استحکام برقرار رکھنے کے لئے امریکی تعاون کی تعریف کی۔
انہوں نے امریکی وزیر دفاع کو بتایا کہ دفعہ 370 بھارت کا اندرونی معاملہ ہے اور اس کا مقصد جموں و کشمیر میں ترقی اور معاشی ترقی کرنا ، جمہوریت کو مستحکم کرنا اوروہاں کے عوام کو خوشحال بنانا ہے۔

ڈاکٹر ایسپر نے بھارت کے اس موقف کی تائید کی کہ جموں وکشمیر میں حالیہ اقدامات بھارت کا داخلی معاملہ ہے۔ انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ بھارت اور پاکستان کے مابین کسی بھی مسئلے کو دو طرفہ بات چیت ذریعے سے حل کیا جانا چاہئے۔

راج ناتھ سنگھ نے ڈاکٹر ایسپر کو امریکی وزیر دفاع کا عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد دی۔ دونوں وزرائے دفاع نے دفاعی تعاون میں پیشرفت پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے فوجی تعاون ، دفاعی پالیسی ، تحقیق و ترقی میں تعاون ، دفاعی تجارت ، ٹکنالوجی اور صنعتی تعاون سمیت مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا۔ انہوں نے رواں سال ہونے والی تینوں فوجوں کی مشق کے لئے کی جانے والی تیاریوں اور لیموآ اور کومکاسا جیسے معاہدوں پر عمل درآمد کے لئے اٹھائے جانے والے اقدامات پر اطمینان کا اظہار کیا۔

دونوں وزرا نے رواں سال امریکہ میں ہونے والے 2 پلس 2 مذاکرات پر بھی جوش و خروش کا اظہار کیا۔ مسٹر سنگھ نے امریکی کمپنیوں سے میک ان انڈیا کے تحت بھارت میں دفاعی شعبے میں سرمایہ کاری کی اپیل کی ۔

Last Updated : Sep 27, 2019, 5:21 PM IST

ABOUT THE AUTHOR

...view details