کورونا سے وفات پانے والے مسلم میت کی تجہیز و تکفین کے تعلق سے ہورہی دشواریوں کے مدنظر جمعیتہ علماء ہند کے صدرقاری سید محمد عثمان منصورپوری اور ناظم عمومی مولانا محمو دمدنی نے حکومت اور محکمہ صحت سے مطالبہ کیا ہے کہ مکمل اِحتیاطی تدابیر اپناتے ہوئے مقامی علماء کے تعاون سے ایسی میت کی شرعی طور پر تجہیز وتکفین اور تدفین کی اجازت دی جائے۔
انھوں نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ اِسلام کی نظر میں وفات کے بعد بھی اِنسان کا جسم اِسی طرح قابل احترام ہے جیسا کہ انسان کہ حیات کے وقت ہوتا ہے۔ اسی لئے مسلمان کے اِنتقال کے بعد اُسے اچھی طرح نہلا دھلاکر تجہیز وتکفین کرنا اور عزت کے ساتھ دفنانا فرضِ کفایہ ہے، یعنی اگر کچھ لوگ اِس فرض کو بجالائیں تو سب کی طرف سے فرض اَدا ہوجاتا ہے،لیکن اگر کوئی بھی اُسے انجام نہ دے، تو مسلم معاشرہ بالخصوص اہل محلہ گنہگار ہوتے ہیں۔