کشمیر کے معاملے پر جماعت اسلامی نے یو ٹرن لیتے ہوئے ریاست کی تقسیم کے مودی حکومت کے فیصلہ کی مخالفت کرنے کا اعلان کیا ہے۔
جموں و کشمیر کی تقسیم کا فیصلہ واپس لیا جائے جماعت اسلامی نے پریس کانفرنس کر کے کہا کہ 'کشمیر میں جتنے بھی سیاسی قیدی ہیں، انہیں فورا رہا کیا جائے اور ریاست کی تقسیم کے فیصلہ کو واپس لیا جائے۔'
جماعت کے امیر سعادت اللہ حسینی نے کہا کہ 'ہم ایک جمہوری طاقت ہیں، کشمیر اور کشمیری ہمارے ہیں، وہاں فورا اسمبلی انتخابات ہونے چاہیے، اس کے لئے ضروری ہے کہ ریاست کی تقسیم کے فیصلہ کو واپس لیا جائے۔'
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ 'غیر ملکی رہنماؤں نے کشمیر پر کیا کہا، اس کی تائید کی ضرورت نہیں، تاہم ان کی کچھ باتوں سے اتفاق ہو سکتا ہے، امیر جماعت کا اشارہ ترکی کے صدر رجب طیب اردگان اور پاکستانی وزیر اعظم عمران خان کے ان بیانات کی طرف تھا جن میں انہوں نے کشمیر میں ہورہی ناانصافیوں کی نشاندہی کی تھی'۔