بھارتی وزیر خارجہ ایس جے شنکر اتوار کے روز قطر کے دارالحکومت دوحہ پہنچے جو بطور وزیر خارجہ ان کا یہ پہلا کسی خلیجی ملک کا دورہ ہے۔
ملاقات کے دوران ایس جے شنکر نے دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی اور دفاعی تعاون کو مضبوط کرنے پر تبادلۂ خیال کیا۔
ایس جے شنکر نے ٹویٹ کر کہا ہے کہ 'قطر کے امیر تمیم بن حمد سے ملاقات کی اور انہیں وزیر اعظم نریندر مودی کا نجی خط سونپا۔ بھارت کے لوگوں کے تئیں ان کی گرم جوشی اور جذبات کی قدر کرتا ہوں'۔
اپنے ٹویٹ میں انھوں نے مزید لکھا ہے کہ 'امیر قطر کے والد شیخ حمد بن خلیفہ الثانی سے بھی ملاقات ہوئی، ان کی قیادت سے بھارت ۔ قطر تعلقات کو مستحکم سمت مل رہی ہے'۔
وزیر خارجہ نے قطر کے وزیر اعظم خلیفہ بن عبد العزیز ثانی سے بھی ملاقات کی جو ملک کے وزیر داخلہ بھی ہیں۔
اپنے ٹویٹ میں ایس جے شنکر نے یہ بھی لکھا ہے کہ 'دونوں ممالک کے مابین اقتصادی و دفاعی تعاون کو استحکام دینے پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔ عالمی وبأ کورونا وائرس کے دور میں بھارت اور قطر کے مابین اعلی سطحی رابطہ قائم رہا'۔
یہاں ایس جے شنکر نے دیگر کئی بڑے کاروباریوں سے ملاقات کی اور بھارت میں سرمایہ کاری کے مواقع پر ان سے بات چیت کی اس کے علاوہ انھوں نے قطر میں مقیم بھارتی لوگوں کے ساتھ ویڈیو کانفرنسنگ کی۔
واضح رہے کہ خلیجی ملک قطر میں تقریباً سات لاکھ بھارتی مقیم ہیں، سرکاری اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ مالیاتی سال میں دونوں ممالک کے مابین اربوں ڈالر کا کاروبار ہوا۔