اردو

urdu

ETV Bharat / bharat

آئی پی ایل: دہلی کے خلاف پنجاب کی آزمائش آج - رشبھ پنت

آئی پی ایل کے 12 ویں سیزن میں آج دہلی کیپیٹلز اور کنگز الیون پنجاب کے مابین مقابلہ ہوگا، میچ موہالی کے آئی ایس بندرا اسٹیڈیم میں رات 8 بجے کھیلا جائے گا۔

دہلی کیپیٹلز کے کپتان شریس ایر اور کنگز الیون پنجاب کے کپتان روی چندرن اشون

By

Published : Apr 1, 2019, 11:06 AM IST

آئی پی ایل کی ایک دہائی سے زیادہ کی تاریخ میں دونوں ٹیمیں ابھی تک ایک مرتبہ بھی خطاب حاصل نہیں کر سکی ہے، لیکن اس برس دونوں ٹیموں کی کارکردگی اور جوش ابھی تک تو بہتر ہے لیکن آج دونوں ٹیموں کے سامنے اپنا فارم برقرار رکھنے کا چیلینج ہوگا۔

بات اگر دہلی کیپیٹلز کی کی جائے تو یہ ٹیم اس مرتبہ نئے نام کے ساتھ نئے جوش میں نظر آرہی ہے اور اب تک اس نے تسلی بخش کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے، دہلی کیپیٹلز نے ابھی تک 3 میچوں میں 2 جیت حاصل کی ہے اور پوائنٹس ٹیبل میں چوتھے مقام پر ہے۔

دہلی نے گذشتہ میچ میں کولکاتا نائٹ رائیڈرس کو سپر اوور میں شکست دی تھی، گذشتہ میچ میں دہلی کی جانب سے پرتھوی شاہ نے شاندار بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 55 گیندوں میں 99 رنز بنائے تھے اور اپنی ٹیم کو جیت کی دہلیز پر کھڑا کیا تھا اور آج بھی ان سے ایسی ہی کارکردگی کی امید ہوگی۔

اس کے علاوہ دہلی کیپیٹلز میں شکھر دھون، سریش ایر، رشبھ پنت، کولن انگرام، ہنوما وہاری اور کرس مورس جیسے بلے باز موجود ہیں، جبکہ گیندبازی میں سندیپ لیمیچانے ٹرینٹ بولٹ، امیت مشرا اور کگیسو ربادا جیسے تجربہ کار گینباز موجود ہیں۔

دوسری جانب کنگز الیون پنجاب اس مرتبہ کارکردگی سے زیادہ تنازعات کے باعث موضوع بحث میں ہے۔ پہلے میچ میں مانکڈنگ کی وجہ سے ٹیم کے کپتان روی چندرن اشون تنقیدوں کا شکار تھے جبکہ گذشتہ میچ میں خراب امپائرنگ کی وجہ سے اشون کو ایک اوور میں 7 گیندیں ڈالنی پڑی تھیں۔

لیکن پنجاب ان تمام باتوں کو بھلا کر اپنی کارکردگی پر توجہ دینا چاہے گی۔ کنگز الیون پنجاب نے 3 میچ کھیلے ہیں اور 2 میچوں میں جیت حاصل کر کے پوائنٹس ٹیبل میں پانچویں مقام پر ہے۔

پنجاب نے گذشتہ میچ میں ممبئی انڈینز کو 8 وکٹوں نے شکست دی تھی جس میں لوکیش راہل نے بہترین بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 71 رنز بنائے تھے، اس کے علاوہ پنجاب کے پاس کرس گیل کی شکل میں ٹی 20 کرکٹ کا بے تاج بادشاہ بھی موجود ہے جو دنیا کے بہترین گیند بازوں کی لائن اور لینتھ بگاڑنے میں کوئی کسر باقی نہیں رکھتا۔ جبکہ سرفراز خان، مندیپ سنگھ اور ڈیوڈ ملر جیسے بہترین بلے باز موجود ہیں۔

گیندبازی کے معاملے میں کنگز الیون پنجاب میں تھوڑا تذبذب برقرار ہے کیوں کہ پہلے میچ میں شاندار گیندبازی کرنے والے سیم کرین اور مجیب الرحمٰن کو دوسرے میچ میں آخری 11 کھلاڑیوں میں شامل نہیں کیا گیا تھا لیکن ٹیم کے پاس ابھی بھی کپتان روی چندرن اشون، محمد سمیع اور انڈریو ٹائی جیسا تجربہ کار گیند باز موجود ہیں۔

مجموعی طور پر آج کا میچ دونوں ٹیموں کے لیے سخت آزمائش والا ہوگا۔

ABOUT THE AUTHOR

...view details