حکومت نے بجٹ اجلاس سے قبل 30 جنوری کو کل جماعتی نشست طلب کی ہے۔ اس میٹنگ کی صدارت وزیر اعظم نریندر مودی کریں گے۔ یکم فروری کو پیش کیے جانے والے بجٹ سے قبل مودی حکومت تمام سیاسی جماعتوں سے مشاورت کرے گی۔ مرکزی حکومت نے تمام سیاسی جماعتوں کے دونوں ایوانوں کے رہنماؤں کو 30 جنوری کو ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے ہونے والی کل جماعتی میٹنگ میں مدعو کیا ہے۔
بجٹ سیشن کورونا سے متعلق تمام رہنمائے اصول پر عمل کرتے ہوئے دو حصوں میں منعقد کیا جائے گا۔ پارلیمنٹ کے بجٹ اجلاس کا پہلا مرحلہ 29 جنوری سے 15 فروری تک چلے گا جبکہ دوسرا حصہ 8 مارچ سے 8 اپریل تک جاری رہے گا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ اس دن این ڈی اے کی میٹنگ بھی ہوگی۔
وزیر اعظم نریندر مودی کی زیرصدارت ہونے والی کل جماعتی نشست میں وزیر دفاع راجناتھ سنگھ، وزیر داخلہ امت شاہ، راجیہ سبھا کے لیڈر تھاور چند گہلوت، نائب رہنما پیوش گوئل، پارلیمانی امور کے وزیر پرہلاد جوشی، ارجن رام میگھوال اور وی مرلی دھرن شریک ہوں گے۔ اس میٹنگ میں تمام سیاسی جماعتوں کے دونوں ایوانوں کے رہنما بھی شرکت کریں گے۔ یہ نشست صبح ساڑھے گیارہ بجے بلائی گئی ہے، جو ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے منعقد کی جائے گی۔