آج انٹرنٹ کی دنیا کا معروف سرچ انجن گوگل نے ڈاکٹر موتھولکشمی ریڈی کی 133 ویں یوم پیدائش کے موقع پر ڈوڈل بنا کر خصوصی خراج تحسین پیش کیا ہے۔ وہ سرکاری دواخانہ میں پہلی خاتون سرجن تھیں۔ اس کے ساتھ ساتھ ریڈی آزادیٔ ہند سے قبل برطانوی ہند میں پہلی خاتون قانون ساز بھی رہی تھی۔
گوگل نے ڈاکٹر موتھولکشمی ریڈی کی 133 ویں یوم پیدائش کے موقع پر ڈوڈل بنا کر خصوصی خراج تحسین پیش کیا ریڈی پہلی خاتون قانون ساز، ماہر تعلیم، قانون داں، سرجن اور سماجی مصلح تھیں۔ ان کی پیدائش 1886 میں تمل ناڈو میں ہوئی تھی۔
ڈاکٹر ریڈی نے خود کو عوامی صحت اور صنفی عدم مساوات کے خلاف جنگ کے لیے وقف کیا اور لاتعداد کم عمر لڑکیوں کی زندگی کو تبدیل کرنے کی کوشش میں زندگی بھر مصروف رہیں۔
ڈاکٹر موتھولکشمی ریڈی ( پیدائش 30 جولائی 1886 ۔ وفات 22 جولائی 1968 ) کو بھارت کے اعلیٰ ترین ایوارڈ پدم بھوشن سے 1956 میں نوازا گیا۔
ایک نوجوان خاتون کی حیثیت سے ڈاکٹر ریڈی نے اپنے والدین کے کم عمر شادی کے منصوبے کی مخالفت کی،انہیں یہ باور کرایا کہ وہ تعلیم کی مستحق ہیں۔
ڈاکٹر ریڈی نے تمل ناڈو کے مہاراجہ کالج میں تعلیم حاصل کی ، جو پہلے لڑکوں کا اسکول تھا۔ وہ کالج سے امتیاز ی درجہ میں فارغ التحصیل ہوئی اور مدراس میڈیکل کالج میں پہلی خاتون طالب علم بن گئی۔