حکومت نے کل دیر رات اس سلسلے میں ایک نوٹس جاری کیا، جس میں کہا گیا ہے کہ صحافیوں کو وزارت میں افسران سے ملاقات کے لیے پہلے اجازت لینی ہوگی اور اسی کی بنیاد پر وزارت میں داخلہ ملے گا۔ حالانکہ اس میں وزارت میں داخلہ پر کسی طرح کی پابندی عائد کرنے سے انکار کیا گیا ہے۔
وزارت کی طرف سے جاری نوٹس میں یہ واضح کیا گیا ہے کہ نارتھ بلاک میں صحافیوں کے داخلہ پر کوئی پابندی نہیں ہے۔ لیکن صحافیوں کے داخلہ کو بہتر بنانے اور اس سے متعلقہ عمل کو درست کیا گیا ہے۔
اس میں کہا گیا ہے کہ وزیر خزانہ کے طور پر محترمہ نرملا سیتا رمن کے چارج سنبھالنے کے بعد پہلی ملاقات میں صحافیوں نے کسی پریشانی کے بغیر رپورٹنگ کے لیے ایک علیحدہ ویٹنگ روم الاٹ کرنے کی اپیل کی تھی۔ الگ کمرہ نہیں ہونے کی وجہ سے افسران سے ملاقات کے لئے صحافیوں کو کوریڈور میں انتظار کرنا پڑتا ہے۔