سابق وزیر اعلی اجیت جوگی کے غیرفعال دماغ کو پھر سے فعال کرنے کے لئے ڈاکٹر آڈیو تھیراپی کا سہار ا لے رہے ہیں۔ رائے پور کے نارائن اسپتال کے ڈائرکٹر ڈاکٹر سنیل کھیمکا نے آج یہاں جاری میڈیکل بلیٹن میں یہ اطلاع دی۔
انہوں نے بتایا کہ اجیت جوگی کا علاج میڈیکل پروٹوکول کے تحت جاری ہے۔ ان کے دماغ کی سرگرمیاں تقریباً نہیں کے برابر ہیں۔ کل سے انہیں آڈیو تھیراپی دی جارہی ہے جس کے تحت ان کے پسندیدہ گانوں کو ایئرفون کے ذریعہ ان کے کان میں لگاکر سنایا جارہا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ اس کے ذریعہ کوشش کی جارہی ہے کہ ا ن کے دماغ کو نیچرل عمل کے تحت فعال کیا جائے لیکن اب تک اس میں کامیابی نہیں ملی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ جوگی کی حالت مسلسل تشویشناک بنی ہوئی ہے۔
خیال رہے کہ اجیت جوگی گزشتہ سنیچر (9مئی) کو اپنی رہائش گاہ کے احاطہ میں وہیل چیر سے ٹہلتے وقت گنگا املی کھا رہے تھے۔ اس کا بیج سانس کی نلی میں پہنچ گیا۔ اس کے بعد وہ بے ہوش ہوگئے، اسی دوران انہیں ہارٹ اٹیک بھی آیا۔ سنگین حالت میں انہیں فوری طورپر اسپتال میں داخل کرایا گیا تھا۔ تقریباً 74 سالہ اجیت جوگی اس وقت ریاست کی مرواہی سیٹ سے رکن اسمبلی ہیں۔