لاک ڈاؤن کے دوران ترکی کا مقبول ترین ڈرامہ ارطغرل غازی بھارت اور پاکستان سمیت دنیا کے بہت سارے ممالک میں کافی مقبول رہا ہے اور اس کا سلسلہ آج بھی جاری ہے۔
ارطغرل غازی نامی اس ڈرامے میں سلطنت عثمانیہ کے عروج کی کہانی بیان کیا گیا ہے اس میں صلیبی سازشوں کے ساتھ چنگیز خان اور منگولوں کے ساتھ بھی جنگ دکھائی گئی ہے۔
اسی سے متعلق ای ٹی وی بھارت کے نمائندے نے دارالحکومت دہلی ایک ایسے شخص سے بات چیت کی جو خود کو چنگیز خان کی نسل سے بتاتے ہیں۔
دہلی کے جامع مسجد علاقے میں رہنے والے سکندر مرزا چنگیزی نے ای ٹی وی سے بات کرتے ہوئے کہا کہ وہ چنگیز خان کی اولادوں میں سے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ 'چنگیز خان کے پوتے ہلاکو خان سے ہمارا شجرہ ملتا ہے انہوں نے عراق کے معروف بزرگ کے دست مبارک پر اسلام قبول کیا تھا جس کے بعد سے چنگیز خان کی اولادیں مسلمان ہو گئی تھیں اور میں چنگیز خان کی 24 ویں پیڑھی میں سے ہوں'۔
انہوں نے اس بات کا بھی ذکر کیا کہ چنگیز خان ایک اللہ اور ایک بادشاہت کے اصول پر یقین رکھتے تھے اس لیے انہوں نے آدھی دنیا پر قبضہ کیا لیکن بعد میں ان کی بادشاہت ختم ہوتی چلی گئی۔