بہار محکمہ دیہی ترقیات کا بجٹ پیش
ریاست بہار کی قانون ساز کونسل میں محکمہ دیہی ترقیات کے وزیر شرون کمار نے جمعرات کے روز محکمہ کا بجٹ پیش کیا۔
اس موقع پر مباحث کے دوران آر جے ڈی کے چیف ویپ سبودھ کمار نے کہا کہ محکمہ میں بڑے پیمانے پر بدعنوانی پائی جارہی ہے، انھوں نے کہا کہ متعلقہ وزیر کو محکمہ میں ہورہی بدعنوانیوں کی اطلاع تک نہیں ہے،انھوں نے اس معاملہ کی تحقیقات کا مطالبہ کیا، اس موقع پر رام چندر پورےنے کہا کہ وہ بجٹ کی مخالفت کرتے ہیں اور اس کے بعد آر جے ڈی نے ایوان سے واک آؤٹ کیا۔
اس ضمن میں محکمہ دیہی ترقیات کے وزیر شرون کمار نے ایوان کے باہر میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ حزب مخالف سوال تو کرتا ہے لیکن جواب سننے کی اہلیت نہیں رکھتا۔
اس موقع پر مذکورہ وزیر نے غریبوں کو رہنے کے لیے گھر نہیں بنائے جانے کے الزام کو بے بنیاد بتایا اور کہا کہ حکومت ہر غریب کو گھر دینے کی مہم میں مصروف ہے۔