وزیراعظم مشرقی دہلی کے کڑکڑ ڈوما میں واقع سی بی ڈی میدان میں مشرقی دہلی اور شمال مشرقی دہلی پارلیمانی حلقہ میں آنے والے 20 اسمبلی حلقوں کے لیے بی جے پی کے امیدواروں کے حق میں ریلی سے خطاب کررہے تھے۔
وزیراعظم نریندر مودی، ویڈیو نریندر مودی نے دہلی میں بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی)کے امیدواروں کے حق میں پہلی انتخابی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دہلی صرف ایک شہر نہیں ہے بلکہ یہ ہمارے ملک کی وراثت ہے۔
انہوں نے کہا کہ 'دہلی مختلف رنگوں کو ایک جگہ سمیٹی ہوئی ایک زندہ روایت ہے، دہلی سب کا خیر مقدم کرتی ہے۔
نریندر مودی نے کہا ہے کہ 'دہلی اسمبلی کا یہ انتخاب اسی فخر کو 21 ویں صدی میں شناخت اور پہچان دینے کے عزم کا ہے، یہ انتخابات ایک ایسے عشرے کا پہلا انتخاب ہے جو 21 ویں صدی کے بھارت اور صدی میں ملک کے دارالحکومت کا مستقبل طے کرنے والا ہے۔
اس موقع پر بی جے پی دہلی یونٹ کے صدر منوج تیواری سمیت کئی دیگر رہنمااور بی جے پی امیدوار موجود تھے۔
مودی نے کہا کہ لوک سبھا انتخابات میں دہلی کے لوگوں نے ایک ایک ووٹ سے بی جے پی کی طاقت میں اضافہ کیا اور سات پارلیمانی نشستیں بی جے پی کی جھولی میں ڈال کر یہ ثابت کیا تھا کہ دہلی کی عوام کس سمت میں سوچ رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ 'ملک بدلنے میں دہلی کے لوگوں نے بہت مدد کی ہے اور اب ان کا ووٹ اپنی دہلی کو بھی تبدیل کرے گا، انہوں نے ریلی میں موجود ہجوم کی طرف ہاتھ اٹھاتے ہوئے کہا کہ دہلی کے لوگوں کے دل میں کیا ہے یہ بتانے کی ضرورت نہیں یہ آج صاف صاف نظر آرہا ہے۔
وزیراعظم نے مزید کہا کہ 'دہلی اسمبلی انتخابات کے لیے گزشتہ کئی دنوں سے بی جے پی اور حلیف جماعتوں کے کئی سینیئر رہنما، بی جے پی امیدوار، کارکنان اور یہاں کے متحرک شہری، آپ کے درمیان آرہے ہیں اور اپنی بات رکھ رہے ہیں۔
نریندر مودی نے کہا کہ وہ پہلی انتخابی ریلی سے خطاب کررہے ہیں اور یہاں جو نظر آرہا ہے اسے دیکھ کر صاف لگ رہا ہے کہ دہلی کے لوگوں کے دل میں کیا ہے۔