لداخ میں بھارت اور چین کے مابین سرحدی تنازع کم ہوتا ہوا نظر آ رہا ہے۔ منگل کے روز لگاتار دوسرے دن چینی فوج کی واپسی کا سلسلہ جاری رہا۔ وہیں بھارت نے پہاڑی علاقوں میں رات کے وقت بھی فضائی گشت جاری رکھا اور بھارتی فوج چینی سرگرمیوں پر سخت نگاہ رکھے ہوئے ہے۔
گوگرا اور ہاٹ اسپرنگس ایسے جگہ ہیں، جہاں گذشتہ آٹھ ہفتوں سے دونوں ممالک کی افواج کے مابین کشیدگی کی صورتحال ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ 'ان دو علاقوں سے فوجیوں کی واپسی کا عمل دو دنوں میں مکمل ہو جائےگا۔'
قومی سلامتی کے مشیر اجیت ڈووال اور چینی وزیر خارجہ وانگ یی نے اتوار کے روز ٹیلیفون پر بات کی۔ جس میں انہوں نے لائن آف ایکچول کنٹرول (ایل اے سی) سے فوجوں کی تیزی سے واپسی کے عمل کو مکمل کرنے پر اتفاق کیا، جس کے بعد پیر کو صبح سے ہی فوجیوں کے واپس جانے کا عمل شروع ہو گیا۔
ذرائع نے بتایا کہ 'بھارتی فوج علاقے میں چینی سرگرمیوں کے پیش نظر اپنی نگرانی میں کوئی کمی نہیں کررہی ہے اور کسی بھی واقعے سے نمٹنے کے لئے اعلی سطح پر چوکسی برقرار رکھ رہی ہے۔