ممبئی ہائی کورٹ نے بالی ووڈ اداکار سوشانت سنگھ راجپوت کی موت کے معاملے میں دائر تمام درخواستوں کو مسترد کر دیا ہے۔ دو دن قبل ہی سپریم کورٹ نے سوشانت سنگھ راجپوت کے معاملے کو سی بی آئی کے پاس بھیج دیا تھا۔ سپریم کورٹ کے اس فیصلے کا حوالہ دیتے ہوئے چیف جسٹس دیپنکر دتہ کی سربراہی میں جسٹس ریواتی موہتے ڈیرے کی بنچ نے دائر درخواست کو مسترد کر دیا۔
ایک درخواست گزار کی جانب سے ایڈووکیٹ سبھاش جھا نے عدالت کو بتایا کہ پچھلی بار جب پولیس سپرنٹنڈنٹ آفیسر اس معاملے کی تحقیقات کے لئے ممبئی آئے تھے، تب ممبئی میونسپل کارپوریشن نے اس افسر کو کورونا کے پس منظر میں قرنطینہ کر دیا تھا۔ اور تفتیش کے لئے آئے ہوئے افسر کا تعاون نہیں کیا گیا۔ اب بھی کہیں سی بی آئی عہدیداروں سے اسی طرح کا برتاؤ نہیں کیا جائے گا۔ اس طرح کا تیقن عدالت میں موجود ریاستی حکومت اور ممبئی میونسپل کارپوریشن کے وکیلوں سے لیا جائے۔ اور وہ اس بات کا یقین دلائیں کے سی بی آئی عہدیداروں کو ہر ممکن تعاون دیا جائے گا اور ان کے کام میں کسی قسم کی رکاوٹ نہیں ڈالی جائے گی۔
اس ضمن میں عدالت نے کہا کہ، اگر درخواست گزاروں کو لگتا ہے کہ ریاستی حکومت، ممبئی پولیس یا میونسپلٹی سی بی آئی کے ساتھ تعاون نہیں کریں گی تو انہیں سپریم کورٹ جانا چاہئے۔ درخواست گزاروں نے صرف خدشہ ظاہر کیا ہے۔ اگر واقعتاً ایسا ہوتا ہے تو انہیں سپریم کورٹ میں جانا چاہئے۔
14 جون کو سوشانت سنگھ راجپوت نے باندرا میں واقع اپنی رہائش گاہ پر پنکھے سے لٹک کر خودکشی کرلی اس ضمن میں کولکتہ کے وکلا پریانکا تبریوال اور دوویندر دبے نے ہائی کورٹ میں ایک پی آئی ایل دائر کی تھی۔