کانگریس پارٹی نے کہا کہراجستھان کا سیاسی بحران اب ختم ہوگیا ہے اور اس کی حکومت کی حمایت کرنے والے تمام اراکین اسمبلی راجستھان کو مضبوط بنانے اور کورونا وائرس اور دیگر معاشی آفات سے لڑنے کے لئے کام کریں گے۔
کانگریس کے ترجمان رندیپ سرجے والا نے پارٹی سربراہ راہل گاندھی کو راجستھان میں بحران کے حل میں مدد کرنے کے ویژن کو سراہا ہے۔ راہل گاندھی نے باغی سچن پائلٹ اور ان کے قریبی ایم ایل اے کی شکایات کے ازالے کی یقین دہانی کرائی۔
سچن پائلٹ کے باضابطہ 'گھر واپسی' کے ایک دن بعد کانگریس پارٹی نے راجستھان کے سیاسی بحران کے خاتمہ کا اعلان کیا۔ پارٹی کے مطابق بحران کا باب بند ہوگیا اور سب نے خوشی کا اظہار کیا۔
ترجمان رندیپ سنگھ سرجے والا نے ایک ورچوئل پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ 'پورے ملک نے دیکھا کہ 30 دن کے بعد راجستھان کا سیاسی واقعہ کس طرح ختم ہوا۔ یہ واقعی آٹھ کروڑ راجستھانیوں کی فتح ہے۔ ملک بھر کے کانگریس کے تمام ارکان اسمبلی اور ہمارے خیر خواہوں کو اس کی مبارک باد'۔
انہوں نے کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی کو راجستھان کی ہنگامہ آرائی کے حل اور پارٹی کی ریاستی حکومت کے بحران سے نمٹنے کا پورا سہرا دیا۔
سرجے والا نے کہا ہے کہ 'یہ تمام کانگریسی رہنماؤں کو رائے کے اختلافات سے قطع نظر لے جانے کے راہل گاندھی کے ویژن اور ان کے اعتماد کی وجہ سے ممکن ہوا ہے'۔
انہوں نے مزید کہا ہے کہ 'اس معاملے میں پرینکا گاندھی واڈرا نے بھی اپنا تعاون اور مدد کی۔ یہ راجستھان کے سی ایم اشوک گہلوت کے دکھائے جانے والی پختگی اور سچن پائلٹ کے موروثی عقیدے اور عزم کے بغیر ممکن نہیں ہے'۔
واضح رہے کہ راجستھان میں ایک ماہ سے جاری سیاسی بحران کا خاتمہ ہوا۔ پائلٹ کی راہل گاندھی اور پرینکا گاندھی سے ملاقات ہوئی جس کے بعد انہیں یقین دہانی کرائی گئی ہے کہ اس معاملے کو دیکھنے کے لئے ایک تین رکنی کمیٹی تشکیل دی جائے گی اور یہ پائلٹ کی تمام شکایات کا ازالہ کریں گی۔
جب پائلٹ اور گہلوت کے مابین پھوٹ کے بارے میں پوچھا گیا تو سرجے والا نے مزید کہا ہے کہ 'ہاں گرما گرم الفاظ کا تبادلہ ہوا اور کچھ تلخی بھی پیدا ہوگئی۔ میرے خیال میں کل کی میٹنگ کے ساتھ ہی سچن پائلٹ نے کانگریس حکومت کے ساتھ مل کر کام کرنے کا عزم کیا ہے۔ راجستھان میں ان تمام اراکین اسمبلی کے ساتھ جو عارضی طور پر ہم سے ناراض تھے۔ اب یہ ایک بند باب ہوگیا ہے'۔