وزیرعظم نریندر مودی نے 74 ویں یوم آزادی کے موقع پرلال قلعہ کی فصیل سے قومی پرچم لہرانے کے بعد کہا کہ آزادی اور مادر وطن کی حفاظت کیلئے اپنی جانوں کی قرربانی پیش کرنے والے وائریئرز کی وجہ سے ہی ہم کھلی فضا میں سانس لے رہے ہیں۔ پوری قوم ان جانبازوں کو خراج عقیدت پیش کررہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ آزادی کا یہ تہواراس سال ملک میں غیرمعمولی حالات میں منایا جارہا ہے اور ہندوستان کے ساتھ ساتھ پوری دنیا کو کورونا وبا کے چیلنج کا سامنا ہے۔ اہل وطن نے اپنےعزم اورقابلیت سے ان چیلنجز کا مقابلہ کیا ہے۔ ملک کے کورونا واریئرز 24 گھنٹوں اور دن رات ایک کر کے اپنی خدمات پیش کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کورونا کے اس غیر معمولی دور میں ’ سیوا پرمو دھرما‘(خدمت ہی سب سے بڑا مذہب ہے) کے جذبہ کے ساتھ اپنی زندگی کو پرواہ کئے بغیر ہمارے ڈاکٹرز،نرسز ، پیرا میڈیکل اسٹاف ، ایمبولینس کے عملے ، صفائی ملازمین ، پولیس اہلکار ، سروسز کے اہلکار اور بہت سارے دوسرے افراد چوبیس گھنٹے کام کررہے ہیں۔
وزیر اعظم نے کہا کہ وہ ان تمام کورونا وائرئرز کو سلام پیش کرتے ہیں۔ اس دوران بہت سارے لوگ جو خدمات دینے کے دوران اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھے ملک ان سب کو خراج تحسین پیش کرتا ہے اور ان کے اہل خانہ سے اظہار تعزیت کرتا ہے۔