بھارت کے سابق کپتان راہل ڈراوڑ کو بھارتی کرکٹ ٹیم کا ہیڈ کوچ مقرر کیا گیا ہے۔ ڈراوڑ کی پہلی مدت کار نیوزی لینڈ کے خلاف آئندہ گھریلو سیریز سے شروع ہوگی۔
بورڈ آف کنٹرول فار کرکٹ ان انڈیا (بی سی سی آئی) کی کرکٹ ایڈوائزری کمیٹی نے بدھ کو متفقہ طور پر ڈراوڑ کو بھارتی سینئر مردوں کی ٹیم کا ہیڈ کوچ مقرر کرنے کا اعلان کیا۔ اس کمیٹی میں جس میں سلکشنا نائک اور آر پی سنگھ شامل ہیں۔
واضح رہے کہ بی سی سی آئی نے گزشتہ 26 اکتوبر کو ہیڈ کوچ کے عہدے کے لیے درخواستیں طلب کی تھیں۔ بھارت کے موجودہ کوچ روی شاستری کی مدت کار متحدہ عرب امارات میں جاری ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے ساتھ ختم ہونے جا رہی ہے۔
بی سی سی آئی کے صدر سورو گنگولی نے کہا ’’بی سی سی آئی راہل ڈراوڑ کو ہیڈ کوچ کے طور پر خوش آمدید کہتے ہے۔ وہ ایک عظیم کھلاڑی ہیں اور ان کا شاندار کرکٹ کیریئر رہا ہے۔ انہوں نے نیشنل کرکٹ اکیڈمی (این سی اے) کے سربراہ کے طور پر بھی کلیدی کردار ادا کیا ہے‘‘۔ اس کے علاوہ، انڈیا انڈر 19 اور انڈیا اے ٹیم کے کوچ کے طور پر نوجوان کھلاڑیوں کو تیار کرنے میں ان کی کوششیں بھی بے مثال ہیں۔ مجھے امید ہے کہ وہ اپنی نئی اننگز سے ٹیم کو نئی بلندیوں پر لے جائیں گے۔'
راہل ڈراوڑ نے اس تقرری کے بعد خوشی کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہاکہ ’’یہ میرے لیے ایک بہت بڑا اعزاز ہے اور میں یہ نیا کردار ادا کرنے پر بہت پرجوش ہوں۔ ٹیم نے روی شاستری کی مدت کار میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے اور میں اسے آگے بڑھانا چاہتا ہوں۔ اپنی کوچنگ کے دوران، میں نے بھارتی ٹیم سے وابستہ زیادہ تر کھلاڑیوں کے ساتھ کام کیا ہے۔ میں جانتا ہوں کہ یہ کھلاڑی ہر روز اپنے اند کچھ نہ کچھ بہتری لانا چاہتے ہیں۔ آئندہ آنے والےدو برسوں میں کچھ اہم مقابلے ہونے ہیں اور ہم ان کو ہدف بناکر چلیں گے‘‘۔
بی سی سی آئی نے اس موقع پر موجودہ ہیڈ کوچ شاستری، بالنگ کوچ بی۔ ارون، فیلڈنگ کوچ آر۔ سری دھر اور بیٹنگ کوچ وکرم راٹھور کو کامیاب مدت کار کے لیے مبارکباد دی۔ شاستری کے دور میں ٹیم انڈیا نے اندرون اور بیرون ملک بے خوف ہو کر کرکٹ کھیلی۔ بھارتی ٹیم ٹیسٹ میں نمبر ایک بن گئی اور ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے فائنل تک پہنچی۔
اسی مدت کار میں بھارت نے آسٹریلیا کو ان کے گھر پر لگاتار دو ٹیسٹ سیریز میں شکست دی اور وہ ایسا کرنے والی پہلی ایشیائی ٹیم بن گئی۔ وہیں گھر میں بھارت نے سبھی ساتوں ٹیسٹ سیریز جیت لیے ہیں۔
(یو این آئی)