وزیر خارجہ ایس جے شنکر نے ہفتہ کو بنگلہ دیش کو ایک بہت ہی قیمتی شراکت دار قرار دیتے ہوئے کہا کہ بھارت اس کے ساتھ تعلقات کو فروغ دینے کے لیے پرعزم ہے۔ جے شنکر نے چین اور تائیوان کے درمیان کشیدگی کے تناظر میں بنگلہ دیش کے "ایک چین" کے موقف پر تبصرہ کرتے ہوئے یہ بات کہی۔ India On Bangladesh
انہوں نے پی ای ایس یونیورسٹی میں طلباء کی طرف سے پوچھے گئے ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے کہاکہ 'بنگلہ دیش ایک خودمختار ملک ہے۔ ان کے اپنے مفادات ہیں۔ ان کا اپنا نقطہ نظر ہے۔ وہ اپنے فیصلے اپنے مفاد کو نظر میں رکھ کر کریں گے۔'
انہوں نے کہا کہ 'بنگلہ دیش کے ساتھ ہمارے بہت خاص تعلقات ہیں۔ بنگلہ دیش ہمارے لیے ایک بہت ہی قیمتی شراکت دار ہے اور ہم واضح طور پر ان تعلقات کو فروغ دینے کے لیے بہت پرعزم ہیں۔'
جے شنکر نے بنگلہ دیش کے ساتھ تعلقات کو بہتر بنانے کے لیے مودی حکومت کی ستائش کی۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان کو بنگلہ دیش کے ساتھ زمینی سرحدی معاہدے سے کنیکٹیویٹی کے معاملے میں بہت فائدہ ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تعلقات ہمیشہ اتنے اچھے نہیں رہے جتنے آج ہیں۔ ہمیں ماضی میں بنگلہ دیش کے ساتھ مسائل کا سامنا رہا ہے۔'