نئی دہلی: بابا صاحب بھیم راؤ امبیڈکر 14 اپریل 1891 کو مدھیہ پردیش کے مہو میں پیدا ہوئے۔ بھیم راؤ امبیڈکر کو بھارتی آئین ساز کہا جاتا ہے، آزادی کے بعد وہ ملک کے پہلے قانون اور انصاف کے وزیر بنے تھے۔ سال 1990 میں انہیں بھارت کے اعلیٰ ترین شہری اعزاز 'بھارت رتن' سے نوازا گیا۔ بابا صاحب کے نام سے مشہور امبیڈکر نے اپنی پوری زندگی سماجی برائیوں جیسے چھوا چھات اور ذات پات کے خلاف جدوجہد میں گزار دی۔ اس دوران بابا صاحب غریب، دلتوں کے حقوق کے لیے کوشش کرتے رہے۔ بابا صاحب امبیڈکر کا کنبہ مہار ذات (دلت) سے تعلق رکھتا تھا، جسے اچھوت مانا جاتا تھا۔ ان کے آبا واجداد طویل عرصہ تک برٹش ایسٹ انڈیا کمپنی کی فوج میں تعینات تھے، ان کے والد برٹش فوج کی مہو چھاؤنی میں صوبیدار تھے۔
بھارت میں امبیڈکر جینتی کو یوم مساوات اور علم کے دن کے نام سے جانا جاتا ہے۔ بچپن سے ہی مالی اور سماجی تفریق دیکھنے والے امبیڈکر نے انتہائی کمزور مالی حالات میں پڑھائی شروع کی۔ اسکول میں انہیں کافی تفریق برداشت کرنی پڑی۔ انہیں اور دیگر ان جیسے بچوں کو اسکول میں الگ بیٹھایا جاتا تھا۔ وہ خود پانی بھی نہیں پی سکتے تھے۔ اعلیٰ ذات کے بچے اونچائی سے ان کے ہاتھوں پر پانی ڈالتے تھے۔ امبیڈکٹر کا اصل نام امباواڈیکر تھا۔ یہی نام ان کے والد نے اسکول میں درج بھی کرایا تھا، لیکن ان کے ایک ٹیچر نے ان کا نام بدل کر اپنا سرنیم'امبیڈکر' انہیں دے دیا۔ اس طرح اسکول ریکارڈ میں ان کا نام امبیڈکر درج ہوا۔