جموں و کشمیر کے ضلع بانڈی پورہ کی رہائشی آسیہ قادر نے اٹلی کی پارما یونیورسٹی میں پی ایچ ڈی کے لیے داخلہ حاصل کرکے کشمیر اور اپنے ضلع کا نام روشن کیا۔آسیہ قادر دنیا کے ان پانچ طالب علموں کی فہرست میں شامل ہوئی ہیں، جنہوں نے اٹلی کی پارما یونیورسٹی میں پی ایچ ڈی کے لئے داخلہ حاصل کیا۔
دراصل یہ داخلہ پوری طرح سے اسکالرشپ کی بنیاد پر ہوا ہے۔ اتنا ہی نہیں بلکہ آسیہ دنیا کے مختلف ممالک سے تعلق رکھنے والے ان پانچ طالب علموں میں اول نمبر پر ہیں، جنہوں نے یہ کامیابی حاصل کی، آسیہ نے 80 میں سے 76 پوائنٹ حاصل کئے۔
آسیہ کی کامیابی سے گھر میں خوشی کا ماحول ہے، . رشتہ داروں اور پڑوسیوں کی جانب سے مبارک بادی کا سلسلہ جاری ہے۔
آسیہ کے والد ایک سرکاری ملازم ہیں. انہوں نے اپنی بیٹیوں کی تعلیم کو بھی اتنا ہی ضروری سمجھا ہے جتنا کہ اپنے بیٹوں کی تعلیم کو۔ پرائمری ایجوکیشن کے بعد آسیہ نے سرکاری اسکولوں میں تعلیم حاصل کی۔
کشمیر یونیورسٹی میں جیالوجی کے مضمون میں ماسٹرس کی ڈگری حاصل کرنے کے بعد آسیہ نے پارما یونیورسٹی میں اسکالرشپ کی بنیاد پر پی ایچ ڈی کے لئے اپنی درخواست جمع کرائی اور کئی مراحل طے کرنے کے بعد بالآخر آسیہ اول نمبر کے ساتھ کامیاب قرار پائیں۔
آسیہ کے لئے یہ کافی خوشی کی بات ہے کہ وہ دنیا کے مختلف حصوں سے تعلق رکھنے والے ان پانچ طالب علموں میں شامل ہوگئی ہیں، جو ارتھ سائنس( Earth science) میں اٹلی سے ڈاکٹریٹ کی ڈگری حاصل کرنے جارہی ہیں۔