راجستھان کے وزیراعلی اشوک گہلوت Ashok Gehlot نے کہا کہ ریاست کے سرکاری محکموں میں بھرتی امتحانات کو تیز، پریشانی سے پاک اور شفاف بنانے کے لئے حکومت مضبوط ارادے اور عزم کے ساتھ کام کر رہی ہے اور گزشتہ تین برسوں سے بھی کم وقت میں تقریباً 97ہزار عہدوں پر تقرریاں کی گئی ہیں۔
مسٹر گہلوت آج وزیراعلی رہائش گاہ سے ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعہ راجستھان پبلک سروس کمیشن (آر پی ایس سی) کی نئی عمارت کی سنگ بنیاد پروگرام سے خطاب کررہے تھے۔ انہوں نے کہاکہ اس کے لئے جہاں ضروری سمجھا وہاں قواعد میں ترمیم اور انہیں آسان بنایا گیا۔ عدالتی رکاوٹیں دور کی گئیں۔ ہماری مکمل کوشش ہے کہ بھرتیاں وقت پر مکمل ہوں، قانونی یا دیگر کسی قسم کی رکاوٹوں کی وجہ سے وہ اٹکیں نہیں اور کامیاب امیدواروں کو تقرری کے لئے انتظار نہیں کرنا پڑے۔
مزید پڑھیں:۔راجستھان میں 39 آئی پی ایس افسران کے تبادلے
وزیراعلی نے اس موقع پر کمیشن کے داخلی نظام کو بہتر بنانے کے لے تیار کئے گئے ترمیم شدہ مینول کی پہلی اور دوسری جلد کا اجرا کیا۔ انہوں نے امیدواروں کے مسائل کے موثر حل کے لئے آر پی ایس سی ویب پورٹل کے ماڈیول کو بھی لانچ کیا۔
وزیراعلی نے کہا کہ اس وقت بھرتی ایجنسیوں کے لے امتحانات کی ساکھ برقرار رکھنا مشکل ہوتا جارہا ہے۔ ایسے میں آر پی ایس سی اور راجستھان ایمپلائز سلیکشن بورڈ جیسے ادارے امتحانات کے انعقاد میں مسلسل اختراعات کو اپنائیں۔ انہوں نے کہاکہ بھرتیوں میں رخنہ پیدا ہو جانے سے امیدواروں میں عدم اطمینان اور مایوسی پیدا ہوتی ہے۔ ہماری حکومت یہ یقینی بنانے کی کوشش کررہی ہے کہ بھرتیوں میں کسی طرح کا تنازعہ کی نوبت نہ آئے۔
اس موقع پر چیف سکریٹری نرنجن آریہ نے کہاکہ راجستھان پبلک سروس کمیشن نے شفافیت اور معیار کے ساتھ امتحانات کے انعقاد کے معاملے میں ملک کی دیگر ریاستوں کے پبلک سروس کمیشنوں کے درمیان اپنی ایک الگ پہچان کو ہمیشہ قائم رکھا ہے۔