ان آشا ورکروں نے کہا ہے کہ جس طرح سے محکمہ صحت کے ملازمین اس وقت اس وبائی بیماری میں حکومت کے ساتھ شانہ بشانہ کام کرتے ہوئے کورونا سے جنگ لڑرہے ہیں ، اسی طرز پر ہم بھی محکمہ صحت کے ملازمین کے ساتھ شانہ بشانہ خدمات انجام دے رہے ہیں۔
گاندربل میں آشا ورکروں کا حکومت کے خلاف احتجاج ان کا کہنا تھا کہ لیفٹیننٹ گورنر کووڈ 19 واریئرز کے لئے ریٹائر ہونے والے فیکلٹی ممبروں، کنسلٹنٹس، ایس کے آئی ایم ایس کے ڈاکٹروں، جی ایم سی، محکمہ صحت کے حق میں خصوصی مالی مراعات کا اعلان کرتے ہیں۔
حکومت نے ہمیں بھلا کر ہمارے ساتھ نا انصافی کی ہے اور شائد لیفٹیننٹ گورنر یہ بھول گئے ہیں کہ جب کورونا پچھلے سال سے شروع ہوا ہے ہم تب سے لے کر آج تک مسلسل عوامی خدمات انجام دے رہے ہیں لیکن ہمارے ساتھ سوتیلا سلوک کیا جارہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ لیفٹیننٹ گورنر سے سوال کیا کہ کیا وہ فرنٹ لائن کارکن نہیں ہیں؟ غور طلب ہے کہ ایل جی نے چند روز قبل اعلان کیا تھا کہ محکمہ صحت کے ملازمین جو اس ماہ ریٹائر ہونے والے تھے، ان کی مدت اس سال کے آخر تک بڑھا دی گئی ہے اور ڈاکٹروں، پیرا میڈیکل سٹاف اور دیگر عملے کو تین ماہ تک تنخواہ کے علاوہ مزید رقم دی جائے گی۔
اس اعلان کے بعد ناراض آشا ورکروں نے سرکاری اعلان اور سرکار کی اس پالیسی کے خلاف احتجاج کیا۔ ان آشا ورکروں نے ایل جی ایڈمنسٹریشن سے اپیل کی ہے کہ براہ کرم ہمیں اس پیکیج میں رجسٹر کریں تاکہ ہمیں اس سے فائدہ پہنچے کیونکہ کوویڈ 19 کی اس دوسری لہر کے دوران ہماری جانوں کو بھی خطرہ لاحق ہے۔