چندی گڑھ: وارث پنجاب تنظیم کے سربراہ امرت پال سنگھ کا ایک اور ویڈیو سوشل میڈیا کے ذریعے منظر عام پر آیا ہے، ویڈیو میں امرت پال کہہ رہے ہیں کہ وہ بھگوڑا نہیں بلکہ باغی ہیں۔ وہ مفرور نہیں ہیں۔ جلد دنیا کے سامنے آئیں گے۔ انہوں نے ایک بار پھر حکومت کے خلاف نکتہ چینی کرتے ہوئے کہا کہ وہ حکومت سے نہیں ڈرتے۔ انہوں نے کہا کہ ان کے خلاف جھوٹا پروپیگنڈہ پھیلایا جا رہا ہے کہ اس نے گرفتاری کے لیے شرائط رکھی ہیں اور وہ پولیس کے تشدد سے ڈرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ نہ موت سے ڈرتے ہیں اور نہ ہی پولیس کے تشدد سے۔ انہوں نے کہا کہ وہ پولیس کی جانب سے انہیں گرفتار کیے جانے اور اس کے تشدد سے نہیں ڈرتے۔ ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ کچھ لوگ ان کی گرفتاری کے حوالے سے ان کے خلاف جھوٹ پھیلا رہے ہیں۔
انہوں نے کہا ہے کہ وہ جس راستے پر چل رہے ہیں وہ کانٹوں سے بھرا ہوا ہے۔ امرت پال نے ایک بار پھر اکال تخت کے جتھیدار سے سربت خالصہ بلانے کی اپیل کی۔ انہوں نے کہا میں جو ویڈیو جاری کر رہا ہوں شاید لوگوں کو شک ہے کہ میری ویڈیو پولیس کی حراست میں بنائی گئی ہے۔ وہ ویڈیو میں کہہ رہے ہیں کہ وہ خوش ہیں کہ وہ کمیونٹی اور اس کے نوجوانوں کے لیے کچھ کرنے میں کامیاب رہے ہیں۔