بھارت اور چین مشرقی لداخ میں طویل وقفے سے فوجیوں کی واپسی کے سلسلے میں جاری مذاکرات میں کامیابی حاصل کرنے کے لیے اس ہفتے مزید فوجی سطح پر بات چیت کر سکتے ہیں۔ ایک سرکاری ذرائع نے اتوار کے روز یہ جانکاری دی ہے۔
مشرقی لداخ میں گزشتہ چھ ماہ سے بھی زائد وقت سے دونوں طرف کی فوج آمنے سامنے ہے۔ ذرائع کے مطابق جمعہ کے روز کور کمانڈر سطح کے آٹھویں دور کے مذاکرات میں بڑے پیمانے پر تبادلہ خیال کیا گیا ہے۔ دونوں فریق اس مثبت گفتگو کو اگلے دور میں لے جانا چاہیں گے تاکہ مزید اس پر تفصیل سے بات چیت کی جا سکے۔
ایک ذرائع نے بتایا کہ توقع ہے کہ اس ہفتے دوسرے دور کی بات چیت میں تجاویز پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ مذاکرات کا اگلا دور بھی کور کمانڈر سطح کا ہوگا۔ بھارت اور چین کی فوج نے ایک مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ یہ بات چیت واضح، مکمل اور مثبت رہی ہے۔