وارانسی: گیانواپی معاملہ کو لے کر عدالت میں 4 جولائی کو سماعت ہونی ہے، لیکن اس سے پہلے ریاست کے مختلف حصوں میں نماز جمعہ کو لے کر الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔ گزشتہ ہفتہ کانپور میں نماز جمعہ کے بعد ہوئے تشدد کے پیش نظر آج متعدد اضلاع میں پولیس مستعد ہے۔ کانپور، لکھنؤ، متھرا اور وارانسی میں خصوصی الرٹ ہے۔ گیانواپی کیمپس کے باہر میڈیا کے داخلے پر پابندی لگا دی گئی ہے اور صرف محدود تعداد میں نماز پڑھنے کی اپیل کی گئی ہے۔ اس دوران انجمن انتظامیہ مسجد کمیٹی نے ایک اپیل لیٹر جاری کیا ہے۔ جس میں جوائنٹ سیکرٹری ایس ایم یاسین نے عوام سے شہر میں امن برقرار رکھنے کی اپیل کی ہے۔ Anjuman Intezamia Masjid Committee made announcement keep peace in city
بنارس میں انجمن انتظامیہ مسجد کمیٹی کے سکریٹری ایس ایم یاسین نے ایک خط جاری کرکے لوگوں سے کہا ہے کہ سوشل میڈیا پر گردش کرنے کی بیشتر خبریں غلط ہوتی ہیں اور اسی خبر کو بنیاد بنا کر کچھ لوگ عوام کو مشتعل کرنے کی کوشش کرتے ہیں، اس لیے نوجوانوں سے اپیل ہے کہ وہ ایسی کسی بھی سرگرمی سے دور رہیں اور شہر کے امن کو برقرار رکھنے میں مدد کریں۔ اس خط میں جمعیت علماء کی جانب سے کی گئی اپیل کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے اسے ماحول کو خراب کرنے والا قرار دیا ہے۔