اردو

urdu

ETV Bharat / bharat

اے ایم یو اساتذہ کا سانحہ ارتحال

وائس چانسلر پروفیسر طارق منصور نے احسان اللہ فہد کی وفات پر تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ان کی وفات سے جو خلا پیدا ہوا ہے اس کی تلافی مشکل ہے۔

By

Published : Apr 22, 2021, 8:05 PM IST

AMU
AMU

علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو) کے ویمنس کالج میں سنی دینیات کے پروفیسر ڈاکٹر احسان اللہ فہد کا گزشتہ روز مختصر علالت کے بعد انتقال ہو گیا۔ حال ہی میں انہیں ترقی دے کر پروفیسر بنایا گیا تھا.

پروفیسر فہد نے انڈر گریجویٹ اور پوسٹ گریجویشن طلبا کو الہیات کی تعلیم دی۔ دو طلبا نے ان کی نگرانی میں تحقیقی کام مکمل کیا۔ انہوں نے کئی سیمینار، سمپوزیم اور کانفرینسز میں اے ایم یو کی نمائندگی کی۔ انہوں نے متعدد درسی کتب کے ابواب بھی لکھے اور ان کے تحقیقی مقالے اہم تحقیقی جرائد میں شائع ہوئے۔

وائس چانسلر پروفیسر طارق منصور نے احسان اللہ فہد کی وفات پر تعزیت کرتے ہوئے کہا ‘ان کی وفات سے جو خلا پیدا ہوا ہے اس کی تلافی مشکل ہے’۔ اس مشکل وقت میں، انھوں نے ان کے اہل خانہ سے یگانگت کا اظہار کرتے ہوئے دعا کی کہ اللہ انہیں اس غم کو برداشت کرنے کی توفیق عطا کرے۔

ان کے علاوہ علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو) شعبہ نفسیات کے ریٹائرڈ استاد پروفیسر سعید الظفر کا مختصر علالت کے بعد انتقال ہوگیا۔ وائس چانسلر پروفیسر طارق منصور نے ان کے انتقال پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ‘پروفیسر ظفر نے مختلف حیثیتوں میں یونیورسٹی کی خدمات کرتے ہوئے تعلیم کے میدان میں فضیلت کے نئے معیار قائم کیے اور یونیورسٹی کی ترقی میں نمایاں کردار ادا کیا۔ وہ شعبہ نفسیات کے چیئرمین بھی رہے اور کیمپس میں مختلف سماجی سرگرمیوں میں سرگرم تھے۔ ان کی موت ہمارا ذاتی نقصان ہے’۔

پروفیسر سعید ظفر ایک بہترین شطرنج کھلاڑی تھے اور وہ کئی سال تک اے ایم یو اسٹاف کلب میں شطرنج کلب کے سیکرٹری بھی رہے۔ علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو) کے بوائز پالی ٹیکنیک میں لیدر اور فٹ ویئر ٹکنالوجی کے انچارج سعید الزماں کا گزشتہ روز مختصر علالت کے بعد ان کے آبائی شہر میرٹھ میں انتقال ہوگیا۔

وہیں وائس چانسلر پروفیسر طارق منصور نے سعید الزماں کی وفات پر تعزیت کرتے ہوئے کہا 'انہوں نے ہمیشہ طلبا کو خود انحصاری اور خود اعتمادی کی ترغیب دی۔ وہ ایک بہترین استاد تھے اور پالی ٹیکنیک میں چمڑے اور جوتے کی ٹیکنالوجی کے شعبہ کی ترقی میں انہوں نے اہم کردار ادا کیا تھا۔ وائس چانسلر نے کہا کہ پوری یونیورسٹی برادری کو ان کی وفات سے صدمہ پہنچا ہے۔

ان کے علاوہ علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو) بوائز پالی ٹیکنیک کے سابق پرنسپل پروفیسر اقبال علی کا انتقال مختصر علالت کے بعد ان کی آبائی شہر کانپور میں ہو گیا۔ پروفیسر اقبال کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے وائس چانسلر پروفیسر طارق منصور نے کہا کہ وہ ایک بہترین ماہر تعلیم اور استاد تھے۔ وہ طلبا کی ہمیشہ رہنمائی کرتے اور ان کے کیریئر کی تعمیر میں مدد کرتے تھے۔

ABOUT THE AUTHOR

...view details